1 31

میڈیا کی آزادی کے لئے حکومت اقدامات کررہی ہے،شوکت یوسفزئی

پشاور ( مشرق نیوز ) صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ میڈیا کی آزادی اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے خیبر پختونخوا حکومت کے اقدامات اہمیت کے حامل ہیں ، ہر آمر کے دور میں صحافیوں نے جمہوریت کی بحالی کیلئے بھر پور کردار ادا کیا اوروہ خود ماضی میں جمہوریت کے بحالی کی تحریکوںکا حصہ بطور صدرخیبر یونین آف جرنلسٹس کے رہے ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور پریس کلب میں خیبر یونین آف جرنلسٹس کو 50لاکھ روپے کی گرانٹ دینے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،شوکت یوسفزئی نے خیبر یونین آف جرنلسٹس کے صدر فدا خٹک کو چیک دیا ، اس موقع پر پشاور پریس کلب کے سید بخار شاہ یونین کے سنیئر نائب صدر شہزادہ فہد ،جی ایس محمد نعیم،ایگزیکٹیو کونسل کے ممبران ناصر حسین ، بصیر قلندر،شاہ زیب،عابد خان ، سینئر صحافی باقر موسوی ،میاں فاروق فراق، ڈی جی انفارمیشن امداد اللہ اور ڈائریکٹر بہرہ مند جان موجود تھے ،وزیر اطلاعا ت شوکت یوسفزئی نے کہاکہ تین مرتبہ خیبر یونین آف جرنلسٹس کا صد ر رہ چکا ہوں صحافی ہوں اسلئے صحافیوں کے مسائل سے واقف ہوں خیبر پختون خوا حکومت شروع دن سے ہی صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے ، پریس کلب اور یونین کیلئے گرانٹ کی فراہمی سمیت ہر موقع پر صحافیوں سے تعاون کیا اور آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔اس موقع پر خیبر یونین کے صدر فدا خٹک نے کہاکہ موجودہ صورتحال میں صحافی سخت حالت سے دوچار ہیں اداروں میں بے جا برطرفیوں کا سلسلہ جاری ہے ،ویج ایوارڈ پر عمل درآمد نہیں کیا جارہا ہے، انڈونمنٹ فنڈ بل میں ضروری ترامیم کی جا چکی ہیں لیکن اسے نافذ کرنے میں رکاوٹیں درپیش ہیں ، خیبر پختون خوا اسمبلی سے قرار داد منظور کی جا چکی ہے کہ میڈیا اداروں کو اشتہارات کارکن صحافیوں کی بحالی ، بروقت اور ویج بورڈ کے مطابق تنخواہوں کی ادائیگی سے مشروط کیا جائے۔

مزید پڑھیں:  پشاور سے منشیات کی قطر سمگلنگ کی کوشش ناکام، مسافر کو گرفتار کرلیا گیا