Nawaz 2 1000x600 1

العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس: سابق وزیر اعظم نواز شریف بذریعہ اخباری اشتہار طلب

ویب ڈیسک: اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کو بذریعہ اخباری اشتہار طلب کرلیا، عدالت نے قرار دیا کہ نوازشریف کی بذریعہ اشتہار طلبی کا تمام خرچہ وفاقی حکومت برداشت کرے گی، عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو اشتہارات کی رقم 2 روز میں جمع کرانے کا بھی حکم دیا-

اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایون فیلڈ اور العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیلوں پر جسٹس عامرفاروق اور جسٹس محسن اخترکیانی پر مشتمل بینچ نے سماعت کی، عدالت میں فارن آفس کے ڈائریکٹر یورپ محمد مبشر خان متعلقہ دستاویزات لے کر عدالت پہنچے اور انہوں نے نواز شریف کے دونوں وارنٹ گرفتاری وصول کرنے کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا، محمد مبشر خان نے دونوں وارنٹس گرفتاری وصول ہونے کی رسیدیں عدالت میں پیش کیں جب کہ وارنٹس وصول کرنے کارجسٹر پر اندراج اور ڈائری نمبر بھی عدالت میں پیش کردیا گیا-

مزید پڑھیں:  اہم عہدوں پر تعیناتیوں کیلئے عمر کی حد ختم کرنے کا فیصلہ

ڈائریکٹر یورپ محمد مبشر خان نے عدالت کوبتایا رجسٹرپر اندراج کے بعدکمپیوٹر پربھی اس کی انٹری کی جاتی ہے اور وزارت خارجہ نے برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کو ڈپلومیٹک بیگ کے ذریعےوارنٹ بھجوائے، اس پر جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ اب بتائیں کہ آگے کیا ہو گا؟

ایڈیشنل پراسیکیوٹرجنرل نیب جہانزیب بھروانہ کا کہنا تھا کہ اگلامرحلہ نوازشریف کواشتہاری قرار دینے کا ہے، انہوں نے دلائل دیے کہ وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کے عمل میں شریک 3 افراد نے بیانات ریکارڈ کرادیے، نیب پراسیکیوٹر کے مطابق یہ بات واضح ہےکہ نوازشریف نے جان بوجھ کر وارنٹ گرفتاری وصول نہیں کیے اور دستاویزی شواہد سے واضح ہے کہ نوازشریف جان بوجھ کر مفرور ہیں لہٰذا ان کو اشتہاری قرار دیا جائے-

مزید پڑھیں:  پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں، آصف زرداری

اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کو بذریعہ اخبار اشتہار طلب کرتے ہوئے ڈان اور جنگ اخبار میں ان کی طلبی کے اشتہار جاری کرنے کا حکم دیا، عدالت نے قرار دیا کہ نوازشریف کی بذریعہ اشتہار طلبی کا تمام خرچہ وفاقی حکومت برداشت کرے گی، عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو اشتہارات کی رقم 2 روز میں جمع کرانے کا بھی حکم دیا-