اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹ پیغام میں خبردار کیا ہے کہ آگاہ رہو! پاکستان میں اگر کسی نے بھی غیر مسلم شہریوں پر ہاتھ اٹھانے کی کوشش کی یا کسی عبادت گاہ کی جانب بری نظر سے دیکھا تو نہایت سختی سے پیش آئیں گے۔ ہماری اقلیتیں اس ملک کی برابر کی شہری ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹ پیغام میں مزید کہا کہ آج ہم جوہری صلاحیت کی حامل 1 ارب سے زائد انسانوں پر مشتمل ریاست بھارت کو نازی ازم کی وارث آر ایس ایس کے ہاتھوں میں گرتا دیکھ رہے ہیں۔ نفرت کی بنیاد پر نسل پرستانہ نظریات کا حامل گروہ جب بھی غالب آتا ہے، قتل و غارت گری اور خونریزی کے دروازے کھل جاتے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹ پیغام میں مزید کہا کہ گزشتہ برس اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں نے پیش گوئی کی تھی کہ ایک مرتبہ جن بوتل سے نکل آیا تو خونریزی میں شدت آئے گی۔ کشمیر آغاز تھا، آج ہندوستان میں مقیم 200 ملین (20 کروڑ) مسلمان نشانے پر ہیں۔ عالمی برادری کیلئے کچھ کرنے کا بلاشبہ یہی وقت ہے.