ممبئی: بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کو مداح سے سیلفی لینے کے دوران فون چھیننا مہنگا پڑ گیا، دبنگ خان کے گووا میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اسٹار دبنگ خان نے گزشتہ روز گووا ایئرپورٹ پر مداح سے اس وقت فون چھین لیا تھا جب وہ ان کی سیلفی لینے کی کوشش کررہا تھا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی تھی، وزیراعلیٰ گووا نے سلمان خان پر گووا میں داخلے پر پابندی کردی ہے، جب تک وہ معافی نہیں مانگ لیتے ان پر یہ پابندی برقرار رہے گی۔
سلمان خان کے اس روئیے کی ویڈیو پر مداحوں نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا تھا اور ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
طلبا کی یونین آف انڈیانے گووا کے وزیراعلیٰ پروموڈ ساونت پر زور دیا تھا کہ وہ اس وقت تک سلمان خان کو گووا میں داخل نہ ہونے دیں جب تک کہ وہ اس واقعے پر سرعام معذرت نہ کرلیں۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اس پر 3 ہزار سے زائد کمنٹس کیے گئے اگرچہ بہت سے لوگوں نے بالی ووڈ کے سلطان کے طرز عمل کو ناقابل قبول قرار دیا تاہم کچھ لوگ ان کے دفاع میں بھی سامنے آئے اور یہ کہا کہ اس شخص کو پہلے اجازت طلب کرنی چاہئے تھی۔
گووا این ایس یو آئی کے صدر احراز مولا نے چیف منسٹر ساونت کو لکھے گئے خط میں کہا تھا کہ میں آپ کی مہربان اتھارٹی سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اس معاملے کو پوری سنجیدگی کے ساتھ دیکھیں اور عوامی پلیٹ فارم پر اداکار سے معافی مانگنے کا کہیں کیونکہ یہ عوامی طور پر مداحوں کی بدنامی تھی۔
احراز مولا نے مزید کہا تھا کہ خراب ٹریک ریکارڈ رکھنے والے ایسے اداکاروں کو مستقبل میں گووا جانے کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے۔