logo 50

بھارت میں مسلمانوں کی نسل کشی کا خطرہ

واشنگٹن میں ہونے والے مباحثے میں عالمی ماہرین نے الزام لگایا ہے کہ بھارت میں مودی حکومت کی نگرانی میںمسلمانوں کی نسل کشی کا خطرہ ہے۔ماہرین کے مطابق بابری مسجد کی جگہ مندر کی تعمیر اور دہلی فسادات کے ساتھ کشمیر اور آسام میں مسلمانوں پر توڑے گئے مصائب مودی حکومت کے مسلم نسل کشی کے منصوبہ کا حصہ ہیں۔”جینو سائیڈ واچ”کے سربراہ ڈاکٹر گریگری سٹیفن کا کہنا ہے کہ بھارتی مسلمان اپنے مستقبل کے حوالے سے عدم تحفظ کا شکار ہیں ان کا کہنا تھا کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت اپنی14فیصد مسلمان آبادی کو تحفظ دینے میں ناکام ہوچکی ہے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت میں مسلمانوں کی مجموعی حالت زار نسل کشی کے خطرے اور کشمیر میں جاری قتل عام کے حوالے سے پاکستان تواتر کے ساتھ جو کہتا چلا آیا ہے ”جنیو سائیڈ واچ” نے نہ صرف اس کی تصدیق کردی بلکہ ایک غیر جانبدار عالمی تنظیم نے بھارت کے گھنائونے چہرے کو عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کردیا۔امر واقعہ یہ ہے کہ اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی اداروں کو اس صورتحال کا کسی تاخیر کے بغیر نوٹس لینا چاہیئے تاکہ بھارتی مسلمان کسی المیہ سے دوچار نہ ہوں۔اس امر پر افسوس ہی ظاہر کیا جاسکتا ہے کہ عالمی برادری کے طاقتور ممالک اور اقوام عالم کے اداروں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے جنگی جرائم اور بھارت کے طول وعرض میں جاری مسلم کشی سے پیدا شدہ صورتحال سے چشم پوشی برتی۔اقوام عالم کے اداروں اور بااثر ممالک کو چشم پوشی ترک کر کے بھارتی حکومت پر مسلمان دشمن پالیسیوں سے اجتناب کے لئے دبائو بڑھانا ہوگا۔
پاکستان کے ساتھ کھڑے رہیں گے چین کا اعلان
چینی وزارت خارجہ نے پاک چین دوستی سی پیک منصوبے کے خلاف سازشیں کرنے والوں پر دوٹوک انداز میں واضح کیا ہے کہ چین عالمی سطح پر انسداد دہشت گردی کے لئے پاکستان کے اقدامات کو سراہتا ہے اور اس ضمن میں پاکستان کی معاونت کرتا رہے گاچینی وزارت خارجہ کے گزشتہ روز جاری کئے جانے والے بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ چین پاکستان کے ساتھ ملکر سی پیک کے خلاف سازشوں کو ناکام بنائے گا اور یہ کہ چین سی پیک کے خلاف بھارتی سازشوں سے بخوبی واقف ہے ۔پاک چین دوستی باہمی مفادات اور خطے وعالمی سطح پر دونوں ممالک کے مشترکہ موقف حکمت عملی پر دو آراء ہرگز نہیں چینی قیادت نے پاکستان کی تعمیر وترقی میں بھر پور تعاون کے ساتھ خطے اور عالمی سطح پر پاکستان کے خلاف سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے ہمیشہ موثر کردار ادا کیا اہل پاکستان کے لئے یہ امر خوش آئند ہے کہ چینی قیادت سی پیک منصوبے کے خلاف بھارتی سازشوں سے بخوبی واقف ہے اور ہمیشہ کی طرح پوری استقامت کے ساتھ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔
پاک افغان دوستی سے خوشحالی آئے گی
وزیراعظم عمران خان نے جمعہ کو سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ افغانستان میں امن کا سب سے زیادہ فائدہ پاکستان کو ہوگا دو طرفہ تجارت اور رابطوں کی بحالی سے دونوں ملکوں کے عوام میں خوشحالی آئے گی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میرا حالیہ دورہ کابل افغانستان میں قیام ان کے لئے پاکستان کے عزم کا عملی مظاہرہ تھا۔پاک افغان تعلقات میں مختلف وقتوں میں آتے مسائل کے باوجود دونوں ممالک مستحکم تہذیبی ثقافتی وتاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں برادر اسلامی ملک افغانستان کے لئے پاکستان کے عوام اور حکومت نے ہمیشہ نیک خواہشات کا اظہار کیا اب بھی پاکستان یہ چاہتا ہے کہ افغان معاہدہ امن بہر صورت کامیاب ہو اور افغانستان میں تعمیر وترقی کے نئے دور کا آغاز ہو تاکہ پڑوسی ملکوں میںمقیم لاکھوں افغان مہاجرین وطن واپس جاکر اپنا کردار ادا کرسکیں۔پاکستانی عوام نے مصائب ومشکلات سے دوچار اپنے افغان بھائیوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا اب بھی پاکستانی عوام یہ امید کرتے ہیں کہ افغان حکومت اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گی اور دونوں ملک ملکر امن وانسانیت کے دشمنوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے تاکہ پائیدار امن کے قیام کا خواب شرمندہ تعبیرہوسکے۔

مزید پڑھیں:  ملتان ہے کل جہان