werbsite

سکھر: مسافر ٹرین کا کوچ سے تصادم، 18 افراد جاں بحق

سندھ کے ضلع سکھر کے علاقے روہڑی کے قریب پاکستان ایکسپریس کا کوچ سے تصادم ہو گیا جس کے نتیجے میں کم ازکم 18 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
کمشنر سکھر شفیق مہیسر نے کہا کہ حادثے میں 18 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق حادثہ روہڑی کے قریب اچھیوں قبیوں کے مقام پر پیش آیا جہاں کراچی سے سرگودھا جانے والی ایک مسافر کوچ پھاٹک کھلا ہونے کے باعث پاکستان ایکسپریس کی زد میں آگئی۔
پاکستان ایکسپریس کی ٹکر سے مسافر کوچ دو حصوں میں تقسیم ہوگئی تاہم زخمیوں روہڑی اور سکھر کے ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔‎
پاکستان ایکسپریس کے انجن کو بھی نقصان پہنچا اور اسسٹنٹ ڈرائیور بھی زخمی ہوئے تاہم ٹرین پٹڑی سے اترنے سے بچ گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق اچھیوں قبیوں کے قریب قومی شاہراہ کے ریلوے اوور ہیڈ پر ٹریفک جام کی وجہ سے مسافر کوچ نے قومی شاہراہ کو چھوڑ کر متبادل راستہ اختیار کرکے ریلوے پٹڑی سے گزرنے کی کوشش کی جہاں نہ ریلوے کا پھاٹک ہے اور نہ ہی کوئی پھاٹک والا موجود ہوتا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے روہڑی اور سکھر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور ڈاکٹروں اور طبی عملے کو فوری طور پر طلب کرلیا گیا ہے۔
حادثے کے فوری بعد ایدھی، پولیس اور دیگر ریکیسو ادارے جائے پہنچ گئے اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنا شروع کردیا۔

مزید پڑھیں:  ملک میں صرف طاقتور کی حکمرانی ہے،عمران خان