1 50

محمود خان بااختیار وزیر اعلیٰ،صوبے کو ترقی کی راہ پر ڈال دیا،شوکت یوسفزئی

پشاور(مشرق نیوز)خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ وزیراعلی محمود خان نے بہترین فیصلے کر کے صوبے کو ترقی کی راہ پرگامزن کر دیا ہے۔ محمود خان با اختیار اور فیصلے خود کرنے والا وزیر اعلیٰ ہے۔ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے احتیاطی تدابیر اور حکومت کے عوام دوست منصوبوں سے عوام کو آگاہ کرنے کے لئے میڈیا کو اپنا کردار مثبت طریقے سے ادا کرنا چاہیے۔ قبائلی اضلاع سمیت دوردراز کے پریس کلبوں کے مسائل حل کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ محمود خان قبائلی اضلاع کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت اور تنگی یونین آف جرنلسٹس کے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیتے ہوئے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ کان اور ناک ہوتے ہیں جو معاشرے کے تمام پہلوؤں پر نظر رکھتے ہیں۔ صحافی کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے احتیاطی تدابیر ،معاشرے کی اصلاح اور مسائل کے حل کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کریں اور حقیقی مسائل حکومت کے سامنے لانے کے لئے مثبت رپورٹنگ کریں۔ انہوں نے کہا کہ دوردراز کے پریس کلبوں کے مسائل کے حل اور صحافیوں کی استعداد کار بڑھانے کے لئے پریس کلبوں کو ویل ایکویپڈ کیا جائے گا۔ صحت کے مسائل کی مستقل حل کے لئے صحافیوں کو صحت انصاف کارڈز جاری کرنے کے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں۔ جرنلسٹ انڈوومنٹ فنڈ میں میرٹ کا خیال رکھا جاتا ہے۔ پریس کلبوں کو گرانٹ ان ایڈ کے لئے پالیسی مرتب کی جا رہی ہے اور تحصیل سمیت قبائلی اضلاع کے پریس کلبوں کو پالیسی کے مطابق گرانٹ دی جائے گی۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمود خان بہترین کام کر رہے ہیں اورعوام کی فلاح و بہبود اور اداروں میں اصلاحات پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ صحافی عوام کو حکومت کے فلاحی اور ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں کیونکہ صحافی حکومت اور عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  سوشل میڈیا انفلوئنسرز پروجیکٹ کا جائزہ، بقایاجات اور سرٹیفیکیٹ دینے کا فیصلہ