Firdous Ashiq Awan

احساس سکالر شپ سب سے بڑا پروگرام ہے ، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد : ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ احساس سکالر شپ پروگرام سب سے بڑا پروگرام ہے ، ضرورت اور میرٹ کی بنیاد پر لاکھوں طلباء پروگرام سے مستفید ہوںگے، ہر سال مستحق اور ذہین طلباء میں 50ہزار وظائف تقسیم کئے جائیں گے، پروگرام سے 4سال کے دوران 2لاکھ انڈر گریجویٹ طلباء مستفید ہوںگے، پروگرام کا 4سال کیلئے بجٹ 24ارب روپے مقرر کیا گیا ہے، عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے وزیر اعظم عمران خان پر عزم ہیں ،قومی معیشت میں بہتری کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں، وزیر اعظم کی کوششیں رنگ لا رہی ہیں، تیل کی قیمتوں میں کمی سے اشیاء ضروریہ مزید سستی ہوں گی ،وزیر اعظم عمران خان نے افغانستان میں جنگ بندی کیلئے ہمیشہ مذاکرات کی بات کی کل وزیر اعظم کے نظریہ کی دنیا نے تائید کی ہے، بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقیلتوں کے ساتھ مودی حکومت کا متعصبانہ رویہ ہے، مقبوضہ کشمیر میں مودی حکومت 9لاکھ بھارتی مسلح فوج کے ذریعے جبر، ظلم اور استحصال سے آزادی کی پر امن جدوجہد کو کچلنے میں مصروف ہے، مقبوبضہ کشمیر کے علاوہ دہلی اور دیگر بھارتی ریاستوں میں مودی سرکار نے نفرت، تعصب اور انتہا پسندی کے جو بیج بوئے ہیں ان کو آنے والی نسلیں کاٹیں گی، مودی اور اس کی حکومت اب اس مشکل سے نہیں نکلے گی۔ انہوں نے اتوار کو کوبے چک ، سیالکوٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احساس سکالر شپ پروگرام سب سے بڑا پروگرام ہے۔ ضرورت اور میرٹ کی بنیاد پر لاکھوں طلباء پروگرام سے مستفید ہونگے۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ مستحق اور ذہین طلباء میں وظائف تقسیم کئے جائیں گے۔ ہر سال 50ہزار طلباء کو وظائف دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام سے 4سال کے دوران 2لاکھ انڈر گریجویٹ طلباء مستفید ہونگے۔ پروگرام کا 4سال کیلئے بجٹ 24ارب مقرر کیا گیا ہے ۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم نے گندم ، چینی ،آٹا ، دالوں ، آئل سمیت دیگر ضروری اشیاء کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کے پروکیور منٹ ، ڈسٹری بیوشن اور سپلائی چین کی نگرانی کی ، ان کی مانیٹرنگ کا نتیجہ پوری قوم نے دیکھا ، اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل کمی ہو رہی ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت مصنوعی بحران پیدا کر کے قیمتیں بڑھانے کی سوچ کی حوصلہ شکنی کیلئے پرعزم ہے ، وزیر اعظم کی کوششیں رنگ لا رہی ہیں، تیل کی قیمتوں میں کمی سے اشیاء ضروریہ مزید سستی ہونگی، وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوام کو مشکلات کا شکار کرنے کیلئے سوشل میڈیا میں گمراہی پھیلائی جاتی ہے کیونکہ ہم بحثیت قوم ہر چیز کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتے ہیں جس میں منصوبہ بندی کا عنصر بھی شامل کیا جاتا ہے جس سے عوام کے مسائل بڑھتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ چند دن قبل آئی ایم ایف کی ٹیم کے دورہ پاکستان کے موقع پر بے بنیاد خبریں پھیلا کر تاثر دیا گیا کہ آئی ایم ایف کی ٹیم مایوس ہوکر واپس گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ افواہیں دم توڑ گئیں ، آئی ایم ایف نے حکومت کی کاوشوں کو تسلیم کیا ، وزیر اعظم اور ان کی معاشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا گیا ، معاہدہ ہوا جو سب نے دیکھا ۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے بارے میں کچھ لوگ سوشل میڈیا میں یہ منفی بیانیہ پھیلا رہے تھے کہ حکومت عوام کی سہولت چھیننا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیامیں بھی جنگ لڑی جا رہی ہے جو اس وقت سب سے طاقتور جنگ ہے ۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ملک میں ترقی اور خوشحالی آ رہی اور میڈیا کا کردار ذمہ دارانہ ہونا چاہئے کیونکہ یہ میڈیا کی صدی ہے جس میں اس کا کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقتصادی فرنٹ پر اپنی کوششوں سے دنیا کو مسلسل یہ پیغام دے رہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے ، ہم اپنے مسائل پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ہم مشکلات میں یکجا ہو کر ان پر قابو پانے کا ہنر جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جس مشکل سفرپر نکلے تھے اب دنیا ان کے صاف شفاف بیانیہ کو سراہتی ہے جس کو مسلسل پذیرائی مل رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک سے باہر سرحد پار بیٹھے مخالفین اور ملک دشمن عناصر ایف اے ٹی ایف کے ذریعے ہماری معیشت کو داغ دار کرنے کی نا کام کوششوں میں مصروف ہیں،اس حوالے سے میڈیا کا ذمہ دارانہ کردار اہم ہوگا، میڈیا کے تعاون کی ضرورت ہے، افغان امن معاہدہ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ کل ایک بڑی خوش خبری تھی ، افغان قوم نے بیشمار قربانیاں دی ہیں ، پاکستان کے عوام نے دل کھول کر اپنے مہاجر بھائیوںکی پذیرائی کی ۔وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان نے دنیا کی تاریخ میں سب سے زیادہ پناہ گزین اپنے ملک رکھے اور ریاست مدینہ کے اصول پر عمل کیا ۔انہوں نے کہا کہ آج بھی ہم اپنی مدد آپ کے تحت ان بھائیوں کا بوجھ بحثیت ریاست ، قوم اور حکومت اٹھا رہے ہیں ، اس کی قیمت کیلئے ہم نے 70ہزار جانوں کی قربانی دی ، کئی ارب ڈالرزکا نقصان اٹھایا ، انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستان کا تمدن اور وقار دنیا کے سامنے مجروح ہوتا رہا ، دنیا ہمیں ہمارے حقیقی چہرہ کی بجائے کسی اور حوالے سے دیکھتی رہی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے رہنماء وزیر اعظم عمران خان افغان وار کے خاتمہ کیلئے ڈائیلاگ کی بات کرتے رہے اور کل پوری دنیا نے وزیر اعظم کے نظریہ کی تائید کی ہے ۔وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم نے دنیا کو یہی باور کرایا کہ مسائل کا حل جنگ نہیں بلکہ مذاکرات ہی مسائل کے حل کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل جو معاہدہ ہوا تو پوری دنیا نے پاکستانی قوم کی قربانیوں اور کردار کو تسلیم کیا ۔ انہوں نے کہ افغانستان میں امن آئے گا تو خطے میں ترقی اور استحکام آئے گا۔ افغان بہن بھائیوں نے بے پناہ مشکلات برداشت کیں لہذا ان کا حق ہے کہ وہ اپنی مرضی سے اپنے ملک میں زندگی گزار یں۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ مستقبل میں امن کی نوید بنے گا۔ دنیا بھر میں پاکستانی قوم اور قیادت کا سر فخر سے بلند ہوا ہے ، ہم تمام مسائل کا حل مذاکرات سے چاہتے ہیں، مسئلہ کشمیر سمیت بھارت میں اقیلتوں کے ساتھ رویہ مودی کی ہٹ دھرمی ہے جو مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے ساتھ تعصب پرمبنی ہے ۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مودی حکومت 9لاکھ بھارتی مسلح فوج کے ذریعے جبر ، ظلم اور استحصال سے آزادی کی پر امن جدوجہد کو کچلنے میں مصروف ہے ۔ مقبوضہ کشمیر کے علاوہ دہلی اور دیگر بھارتی ریاستوں میں مودی سرکار نے نفرت ، تعصب اور انتہا پسندی کے جو بیج بوئے ہیں ان کو آنے والی نسلیں کاٹیں گی۔انہوں نے کہا کہ اب صیاد خود اپنے جال میں پھنسا ہے ، مودی اور اس کی حکومت اب اس مشکل سے نہیں نکلے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مخصوص ، مفاد پرست ، سیاست کا زنگ آلود گروہ جو دو خاندانوں کے اقتدار کا ضامن تھا وہ زمین بوس ہو چکا ہے، ان کا ایجنڈا اپنی ذات اور بچوں کے مفاد پرمبنی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے دو خاندانوں کو مسترد کر کے وزیر اعظم عمران خان پر اعتماد کیا جو اس سوچ کی مخالفت کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی انتھک کوششوں کے باوجود عوام کو ریلیف دلانے کیلئے ہم بھی مشکلات جھیل رہے ہیں اور وہ مافیا یا سوچ وزیر اعظم کے ہر اقدام کو روکنے کا روز نیا منصوبہ بناتی ہے ان کو مایوسی ہوگی ۔ انہوںنے کہا کہ علاج کیلئے ملک سے باہر جانے والے وی آئی پی قیدی کو پاکستان واپس لانے کا وقت آ پہنچا ہے ۔ پنجاب حکومت نے ان کی ضمانت مسترد کی ہے کیونکہ نہ تو وہ لندن میں علاج کروا رہے ہیں اور نہ ہی کسی ہسپتال میں داخل ہیں ، انہوں نے اس حوالے سے حکومت یا عدالت کو کوئی طبی رپورٹ جمع نہیں کرائی ، وہ صرف اپنے خاندان اور بچوں کے کاروبار کے تحفظ کیلئے گئے تھے ، بیماری کی آڑ میں اپنی ذات کیلئے عدالت سے سہولت لے کر مخصوص ایجنڈا کے تحت لندن کی سڑکیں ناپ رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ قوم اب مگرمچھ کے آنسو بہانے والوں کی آواز پہچانے کہ قوم کو کس نے گمراہ کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب عوام کی آنکھیں کھلی ہیں جو جانتے ہیں کہ عوام کے درد والے عوام میں موجود رہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر، نواز شریف اور ان کے خاندان ملک سے باہر بیٹھ کر اپنے ذاتی مفاد کیلئے قوم کے مفاد پر ڈاکہ ڈال کر ان کو لاوارث چھوڑ کر اپنا ایجنڈا پورا کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نواز شریف کی سرجری کا اعلان کیا گیا نہ ہی کوئی سرجری ہوئی اور نہ ہی کوئی پلیٹ لیٹس کی رپورٹ آئی اور نہ ہی کسی ہسپتال کو ان تک رسائی دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ جس بیماری کا وہ ذکر کرتے ہیں وہ لا علاج بیماری ہے جو سیاست اور اقتدار سے جڑی ہے جس کا علاج سیاست اور اقتدار ہے ۔ ایک سوال کے جواب میںوزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ان کو واپس لانے کیلئے حکومت لائحہ عمل وضع کرے گی ۔ بعض میڈیا ہائوس کے ساتھ ملکر فکس میچ کھیلا گیا اور یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ ان کی جان کو خطرہ ہے ، اگر اجازت نہ دی گئی تو جان کو نقصان پہچنے کا خدشہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس تاثر کو ابھارنے کی منصوبہ بندی میں جو بھی شامل ہیں وہ تمام کردار بے نقاب ہوں گے۔ ان کو بے نقاب کر کے قوم کے سامنے سر خرو ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی آنکھوں میں اب مرچیں نہیں ڈالی جا سکیں گی۔وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت پاکستان کے آئین اور قانون کے تحت بیرون ملک افرادکو واپس لانے کے طریقہ کار کو اختیار کرنے جا رہی ہے ۔

مزید پڑھیں:  کراچی میں غیر ملکیوں کی گاڑی پرخودکش حملہ،2 دہشتگرد ہلاک