صحت کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹرظفرمرزانے کہاہے کہ حکومت کروناوائرس کی وباء سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیارہے اوراپنے شہریوں کے تحفظ کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کررہی ہے۔
دفترخارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی کے ہمراہ اسلام آبادمیں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان اورچین کروناوائرس کے مریضوں سے متعلق معلومات کامسلسل تبادلہ کررہے ہیں اورباہمی اشتراک سے اس وباء پرقابوپانے میں مدد ملے گی۔ڈاکٹرظفرمرزانے تصدیق کی کہ چین میں کروناوائرس سے متاثرہ چارپاکستانی طلباء کامناسب علاج کیاجارہاہے اور وہ اس وائرس سے صحت یاب ہورہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزارت صحت میں ہنگامی کارروائی کاشعبہ صورتحال پردن رات نظررکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہاکہ حفاظتی اقدامات کے طورپرتمام بڑے ہوائی اڈوں پرسکینرنصب کردیئے گئے ہیں اورمعلوماتی بوتھ قائم کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہسپتالوں اوردوسرے عملے کوتربیت فراہم کی جارہی ہے۔ڈاکٹرظفرمرزانے کہاکہ عالمی ادارہ صحت کی طرف سے اپنے رکن ممالک کو چین سے اپنے شہریوں کونکالنے کی کوئی سفارش نہیں کی گئی۔انہوں نے کہاکہ عالمی ادارہ صحت نے کروناوائرس کی بیماری سے نمٹنے کیلئے چینی حکومت کی کوششوں کوسراہاہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان عالمی ادارہ صحت کی ہدایات پرسختی سے عمل کررہاہے۔ڈاکٹرظفرمرزانے کہاکہ حکومت نے ہنگامی کارروائیوں کاقومی مرکزقائم کردیاہے اور کروناوائرس سے متعلق قومی ہنگامی کورکمیٹی قائم کرنے کے ساتھ ساتھ صحت کے عالمی ضابطوں کے بارے میں قومی ٹاسک فورس کوبھی فعال کردیاہے۔انہوں نے ذرائع ابلاغ سے کہاکہ خدشات اورافواہوں پرمبنی غیرذمہ دارانہ خبریں دینے سے گریزکیاجائے۔