Untitled 1 293

گزشتہ سالوں کی طرح پورے رمضان میں کرونا ایس او پیز کے ساتھ مساجد کھلی رہیں گی۔ پیر نور الحق قادری

ویب ڈیسک (اسلام آباد):گزشتہ سالوں کی طرح پورے رمضان میں کرونا ایس او پیز کے ساتھ مساجد کھلی رہیں گی، یہ بات وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے وزارت کے زیر اہتمام فیصل مسجد میں منعقدہ قومی حفظ و قرآت مقابلے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

پیر نور الحق قادری نے کہا کہ رمضان المبارک اور قرآن کا آپس میں خاص تعلق ہے، گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی پورے رمضان میں ایس او پیز کے ساتھ مساجد کھلی رہیں گی، گزشتہ سال کرونا ایس او پیز پر سب سے زیادہ عملدرآمد مساجد میں ہوا، اس دفعہ بھی مساجد آباد ہونگی اور ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔

مزید پڑھیں:  راستے بند کرنا حکومت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے، مشتاق احمد خان

وفاقی وزیر نے کہا کہ میں خود قران پاک سنتا ہوں میرا سارادن اچھا گزرتا ہے، رمضان المبارک کے ساتھ ساتھ عام دنوں میں بھی قرآن پاک کو زیادہ سے زیادہ پڑھا اور سنا جائے، میری کوشش ہے ناچ گانے کے کلچر کو توڑنے کے لئے قران کا کلچر متعارف کرائیں، حفظ قرآن اور حسن قرآت کی عالمی سطح کی اکاڈمی بنانے کی کوشش ہے، کرونا وبا کے خاتمے کے بعد مصر اور دیگر ممالک سے نامور قراء حضرات کو پاکستان آنے کی دعوت دینگے۔

واضح رہے کہ وزارتِ مذہبی امور کے شعبہ دعوۃ و زیارت ونگ کے زیر اہتمام ہر سال کی طرح امسال بھی رمضان المبارک کے آخری عشرے میں قیام اللیل کا اہتمام کیا جا رہا ہے، قیام الیل کی سعادت حاصل کرنے کیلئے وزارت نے تمام صوبائی حکومتوں بشمول گلگت بلتستان، آزاد جموں کشمیر اور ضلع اسلام آباد سے حفاظ کرام کے نام طلب کئے تھے، تمام علاقوں سے ضلعی اور صوبائی سطح کے مقابلوں کے بعد 48 حفاظ وقراء حضرات نے قومی مقابلہ میں حصہ لیا جبکہ صوبہ سندھ میں کرونا وبا کے باعث مقابلہ ملتوی ہو گیا، آج کے مقابلے کے بعد 14 حفاظ کرام کا انتخاب کیا جائے گا جنہیں رمضان المبارک میں فیصل مسجد میں قیام اللیل پڑھانے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  آئینی ترامیم، حکومت کے پاس 5سینیٹرز اور 7ارکان قومی اسمبلی کم