879006 043457 updates

بیرون ممالک سے پاکستان آنے والے مسافروں کیلئے ایڈوائزری جاری

ویب ڈیسک(اسلام آباد) کورونا وائرس کی بگڑتی صورتحال این سی او سی نے بیرون ممالک سے پاکستان آنے والے مسافروں کے لئے ایڈوائزری جاری کردی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) کے مطابق پاکستان آنے والی ائر ٹریفک کو 80 فیصد تک کم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے بیرون ملک سے پاکستان میں ائر ٹریفک کو 20 فیصد تک محدود رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

فضائی سفر محدود رکھنے کی پابندیاں 4 سے 20 مئی تک نافذ العمل رہیں گی۔

این سی او سی کے مطابق 18 مئی کو موجودہ پابندیوں کے منصوبے کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا جبکہ پاکستان آنے والے مسافروں کو 72 گھنٹے قبل پی سی آر منفی ٹیسٹ رپورٹ دکھانا لازم ہو گا۔

مزید پڑھیں:  راستے بند کرنا حکومت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے، مشتاق احمد خان

مسافروں کی پاکستان آمد پر ائرپورٹ پر دوبارہ پی سی آر ٹیسٹ کیا جائے گا اور این ڈی ایم اے انٹرنیشنل ائرپورٹس پر پی سی آر ٹیسٹ کٹس کی فراہمی یقینی کی پابند ہو گی۔

مسافروں کا ٹیسٹ منفی ہونے پر 10 دن قرنطینہ کرنے کے پابند ہوں گے جبکہ مثبٹ رپورٹ پر مسافر کو ضلعی انتظامیہ کے زیر انتظام قرنطینہ سینٹر بھیجا جائے گا۔

بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی فاسٹ ٹریک ایپ میں رجسٹریشن لازمی قراردی گئی ہے۔ ملک بدر کیے گئے پاکستانی فاسٹ ٹریک ایپ کی رجسٹریشن سے مستثٰنی ہوں گے۔

مزید پڑھیں:  آئینی ترامیم، حکومت کے پاس 5سینیٹرز اور 7ارکان قومی اسمبلی کم

این سی او سی نے سول ایوی ایشن اور پی آئی اے کو ریوائزڈ ائر ٹریفک پلان بنانے کی ہدایت کر دی جبکہ تمام انٹرنیشنل ائر پورٹس پر محکمہ صحت کے عملہ کی 24 گھنٹے موجودگی کو یقینی بنایا جائے گا۔

ایوی ایشن ڈویژن اور ائر پورٹ مینجمنٹ ٹیسٹنگ کے لیے محکمہ صحت کو سہولیات فراہم کریں گے این سی او سی نے وزارت خارجہ، داخلہ، سول ایوی ایشن سمیت تمام صوبائی چیف سیکرٹریز کو مراسلہ ارسال کر دیا۔