download 131

صوابی: مسلح ملزمان کی فائرنگ، جج، اہلیہ اور بچوں سمیت شہید

ویب ڈیسک(صوابی) صوابی کے انبار انٹرچینج کے قریب انسداد دہشت گردی عدالت کے جج آفتاب آفریدی کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی۔ قاتلانہ حملے میں جج آفتاب آفریدی کے دو محافظ بھی زخمی ہوئے ہیں۔

فائرنگ کے نتیجے میں آفتاب آفریدی، اہلیہ اور دو بچے شہید ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں نے گھات لگا کر جج پر قاتلانہ حملہ کیا، جس میں اُن کے دو محافظ بھی زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق جج آفتاب آفریدی سوات سے اسلام آبادجا رہےتھے، جب وہ انٹرچینج کے قریب پہنچے تو نامعلوم افراد نے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پہنچ کر جج، اہلیہ اور دونوں بچوں کو اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹرز نے اُن کی موت کی تصدیق کی۔

مزید پڑھیں:  9 مئی مقدمات: شاہ محمود کی درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی

واقعے کے بعد پولیس اور حساس ادارے کے دیگر اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے جہاں انہوں نے واقعے کے مقام کو سیل کیا اور وہاں سے شواہد اکھٹے کیے۔ پولیس نے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے اطراف میں سرچ آپریشن کا آغاز بھی کردیا۔

آفتاب خان آفریدی کو دو ماہ قبل سوات میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں بطور جج تعینات کیا گیا تھا۔

دوسری جانب سوات بار کونسل کے صدر نے آفتاب آفریدی کی شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کل احتجاج کا اعلان کردیا۔

وزیراعظم نے واقعہ کا نوٹس لے لیا، وزیراعظم عمران خان نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس لرزہ خیز واردات کے مرتکب افراد کو گرفتار کرکے سختی کے ساتھ نمٹا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا پاک فوج کے 6جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس
وزیراعلیٰ کا ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے پولیس حکام کو ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کا حکم دےدیا اور کہا ہے کہ خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانا ظالمانہ فعل ہے، اس بہیمانہ واقعے میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔ وزیر اعلی نے واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

گورنر کا اظہار مذمت

گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کا حکم دےدیا۔ گورنر نے قاتلانہ حملے میں جج اور ان کے اہل خانہ کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔