ویب ڈیسک (اسلام آباد): پاکستان نے سعودی عرب سے اپنے سفیر اور چھ رکنی سفارتی عملے کو واپس بلالیا ہے، عوامی مسائل حل نہ کرنے پر سفیر اور عملے کو واپس بلایا گیا ہے، ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے عوامی شکایات پر صورت حال کا نوٹس لیا تھا۔
پاکستان نے جدہ میں اپنے سفیر علی اعجاز اور سفارت خانے کے چھ افسران کو واپس اسلام آباد بلالیا ہے، ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا ہے کہ سفیر اور عملے کو عوامی مسائل حل نہ کرنے پر شکایات سامنے آنے کے بعد واپس بلایا گیا ہے، ترجمان دفتر خارجہ نے بریفنگ کے دوران مسئلہ افغانستان اور مسئلہ کشمیر سمیت دیگر عالمی و علاقائی امور پر حالیہ پیش رفت سے آگاہ کیا ہے۔
ترجمان نے بھارت سے کورونا وبا کے باعث کشمیری حریت رہنماؤں کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ فلسطین کی سرزمین پر اسرائیلی افواج کے قبضے اور جارحیت کی مذمت کی، ترجمان نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ پاکستان افغان مسئلے کا حل مذاکرات سے چاہتا ہے، مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔