اشتہاری ملزمہ کھاریاں سے گرفتار

اٹلی میں 18سالہ دوشیزہ کی والدہ اشتہاری ملزمہ کھاریاں سے گرفتار

ویب ڈیسک: اٹلی میں غیرت کے نام پر قتل ہونے والی 18سالہ دوشیزہ کی والدہ اشتہاری ملزمہ کو کھاریاں سے گرفتار کرلیاگیا۔
گرفتار ملزمہ نازیہ شاہین قتل کے مقدمے میں اٹلی کی حکومت کو مطلوب اشتہاری تھیں اور انہیں گوجرانوالہ ریجن پولیس نے گرفتار کیا ہے ۔
بیان میں کہا گیا کہ گوجرانولہ ریجن پولیس نے اشتہاری ملزمہ کی گرفتاری کے لیے خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی تھی اور پولیس ٹیم نے ملزمہ کو کھاریاں سے گرفتار کر لیا۔
آر پی او گوجرانوالہ طیب حفیظ چیمہ کے مطابق اٹلی میں 2021 میں اپنے اہل خانہ کے ہاتھوں قتل ہونے والی 18سالہ ثمن عباس کی والدہ تین سال تک مفرور رہیں۔
پولیس نے بتایا کہ ملزمہ نازیہ شاہین کو گرفتاری کے بعد اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اطالوی نژاد پاکستانی لڑکی 30 اپریل 2021 کو اٹلی کے شہر ریگیو ایمیلیا سے لاپتا ہوئی تھیں اور بعد ازاں نومبر 2022 میں ان کی لاش ملی تھی جبکہ ان کی والدہ51 سالہ نازیہ شاہین قتل کے بعد اپنے خاوند کے ساتھ اٹلی سے فرار ہو گئیں اور ان کی گرفتاری کے لیے ریڈ وارنٹ جاری کیے گئے تھے۔

مزید پڑھیں:  سپیکر صوبائی اسمبلی کا اپوزیشن لیڈر کیساتھ مشترکہ اجلاس، اہم فیصلے متوقع