صوبہ میں 17 لاکھ خاندان بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہو رہے ہیں، زہرا اسلم

ویب ڈیسک: ڈائریکٹر جنرل بینظیر انکم سپورٹ پروگرام خیبر پختونخوا زہرا اسلم نے مشرق ٹی وی کے پروگرام مشرق لیڈز میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والے خاندانوں کی تعداد 93 لاکھ جبکہ خیبر پختونخوا میں 17 لاکھ خاندان مستفید ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت ہر تین ماہ بعد رجسٹرڈ خاندانوں کو 10 ہزار 500 روپے ملتے ہیں جس کا مقصد خواتین کی مالی طور پر سپورٹ کرنا ہے۔
اس حوالے سے مشرق ٹی وی کے پروگرام میں ڈی جی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام خیبر پختونخوا زہرا اسلم نے کہا کہ 2008 میں پارلیمنٹ نے ایکٹ کے ذریعے بی آئی ایس پی بنایا جس کا مقصد خواتین کو بااکٹیار بنانا اور ان کی امدنی میں اضافہ کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے تحت ہر تین ماہ بعد ادائیگی کے ساتھ ان کی تعلیم و تربیت کا بھی خیال رکھا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تعلیمی وظائف کفالت پروگرام کے تحت اس وقت خیبرپختونخوا کے 24 لاکھ بچوں کو تعلیمی وظائف بھی دی جا رہی ہیں جس کے لیے بچوں کی سکولوں میں 70 فیصد حاضری لازمی قرار دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رجسٹریشن کا عمل سالہاسال جاری رہتا ہے ۔ رجسٹریشن کے لیے نیشنل سوشیو اکنامکس رجسٹریشن سروے بھی کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ری سرٹیفیکیشن کے ذریعے جو افراد اہل نہیں ہیں وہ پروگرام سے نکالے جاتے ہیں۔
زہرا اسلم نے مزید کہا کہ تمام میسجز 8171 نمبر سے آتے ہیں اس کے علاوہ شکایت کیلئے ٹال فری نمبر080026477 پر رابطہ کیا جا سکتاہے۔
پاسپورٹ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومت نے پاسپورٹ رکھنے والے افراد کی خواتین کو پروگرام سے باہر کر دیا تھا تاہم اب اس میں ایک ترمیم کی گئی ہے اور جس بندے نے ایک بار پاسپورٹ پر بیرون ملک کا سفر کیا ہو اور اب اندرون ملک ہو تو ان خواتین کو دوبارہ شامل کیا گیا ہے اور جو بار بار سفر کرتے ہیں یا ملک سے باہر ہیں ان کو پروگرام سے نکالا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں:  وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا پاک فوج کے 6جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس