وزیراعظم

پاکستان چین کی ترقی سے سیکھنا چاہتا ہے،وزیراعظم

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان جدید ٹیکنالوجی سے ملکی زرعی شعبے کی پیداوار اور زرعی برآمدات میں اضافے کیلئے کوشاں ،چین کی ترقی سے سیکھنا چاہتا ہے۔
وزیراعظم نے چین کی کمیونسٹ پارٹی کے شینزن کے سربراہ اور صوبہ گوانگ ڈونگ کے نائب سربراہ مینگ فینلی سے شینزن میں ملاقات کی، ملاقات میں مینگ فین لی نے وزیراعظم کا شینزن آنے پر خیرمقدم کیا ۔
شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ سے اونچی، سمندر کی گہرائی جتنی گہری اور شہد سے میٹھی ہے، پاکستانی قیادت اور عوام ہر مشکل وقت میں چین کے تعاون پر چینی قیادت اور اس کے عوام کی مشکور ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان چین کی ون چائنہ پالیسی کی بھرپور حمایت کرتا ہے، شینزن لاہور کا سسٹر شہر اور گوانگ ڈونگ پنجاب کا سسٹر صوبہ ہے، پاکستان چین کی ترقی سے بہت متاثر ہے اور چین کی ترقی سے سیکھنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت سی پیک کے دوسرے مرحلے میں پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے اشتراک اور سرمایہ کاری سے ملکی برآمدات میں اضافے کیلئے کوشاں ہے، اپنے دورے کے شینزن سے آغاز کا مقصد شینزن کی ترقی بالخصوص انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کی ترقی سے سیکھنا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی طاقت اس کی نوجوان افرادی قوت ہے جو ملکی آبادی کے 60 فیصد ہے، شینزن اور پاکستان میں یہ قدر مشترک ہے،امید کرتا ہوں کہ شینزن میں پاکستانی طلبا کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔
مینگ فینلی نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی بہت مضبوط اور گہری ہے، شینزن کی حکومت اور شینزن کے لوگوں کیلئے آپ کی میزبانی اعزاز کی بات ہے، امید کرتا ہوں آپ کی چینی اعلی قیادت بالخصوص چینی صدر شی جن پنگ اور چینی وزیراعظم لی کیانگ کے ساتھ ملاقاتیں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور شراکت داری کے فروغ کے حوالے سے مفید ثابت ہوں گی۔

مزید پڑھیں:  سوات میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق