بلاول بھٹو

بلاول بھٹو نے وزراء کو عمران خان سے متعلق بیانات سے روک دیا

ویب ڈیسک: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزرا کو سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق بیانات سے روکتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام نفرت کی سیاست میں دلچسپی نہیں رکھتے، وہ اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔
پی پی پی سندھ کے پارلیمانی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا، اب ہمیں ڈلیور کرنا چاہئے، چیف منسٹر کو وزیروں کے ساتھ اب تھوڑی سختی کرنا پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے تاریخی کامیابی حاصل کی، اب فوکس کرنا ہو گا کہ محدود وسائل میں مسائل کو کیسے حل کیا جا سکتا ہے، اراکین اسمبلی کا عوام سے رابطہ جاری رہنا چاہیے، اراکین اسمبلی کو عوام کو وقت دینا پڑے گا، ہمیں محدود وسائل سے گورننس کو بہتر کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کیا کر رہا ہے کیا نہیں اس سے غرض نہیں، ہمیں عوامی مسائل حل کرنے چاہئیں، وزیراعلیٰ چیک کریں وزرا آفس آتے ہیں یا نہیں، تمام وزرا کی کارکردگی کی رپورٹ لوں گا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ الیکشن کو کئی ماہ گزر گئے اپنے ارکان پارلیمنٹ میں سستی دیکھ رہا ہوں، مجھے اپنے ارکان اسمبلی میں سستی نظر آ رہی ہے، عوام کو اس بار پیپلزپارٹی سے تاریخی توقعات ہیں، ارکان پارلیمنٹ کو فعال ہونا ہوگا، آپس کی لڑائیوں کی وجہ سے پرفارمنس میں فرق نہیں پڑنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اب ہمیں ٹرانسفر، پوسٹنگ کی سیاست ختم کرنا ہوگی، اسلام آباد میں نفرت کی سیاست چل رہی ہے، ایسی سیاست سے پورا ملک مایوس ہے، ہمیں عوام کی آواز بننا ہوگا، چیف منسٹر سے 5 سالہ پروگرام شیئر کیا ہے، 5 سالہ پروگرام پرعملدرآمد کرانا نمبرون ترجیح ہے۔

مزید پڑھیں:  خیبر پختونخوا میں دہشت گردی انتہا پر ،حکومت کو کوئی فکر نہیں: میاں افتخار