پی ٹی آئی کو ملکی ترقی ہضم

پی ٹی آئی کو ملکی ترقی ہضم نہیں ہورہی ،عطاء تارڑ

ویب ڈیسک: وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو ملکی ترقی ہضم نہیں ہورہی ،شر پسندوں کو ڈی چوک کے قریب پھٹکنے بھی نہیں دیں گے ۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک کے سربراہان پاکستان آ رہے ہیں
پاکستان کو اللہ نے یہ عزت بخشی کہ وزیراعظم جنرل اسمبلی میں سب کے سامنے جب تمام دنیا کے ممالک کے نمائندے وہاں موجود تھے، نہ صرف فلسطین کے مقدمے کے حوالے سے بھرپور آواز اٹھائی بلکہ کشمیر کاز کے لیے بھی آواز بلند کی۔
عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ یہ دھرنے اور مارچ آخر کیوں کیے جا رہے ہیں؟ اس کی وجہ یہ ہے کہ انہیں کبھی پاکستان کی ترقی قابل قبول نہیں تھی اور نہ ہی آج ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کو مروڑ اٹھ رہے ہیں، رات کو نیند نہیں آتی، ہمیں ملکی حالات کو دیکھ کر نیند نہیں آتی اور انہیں پاکستان کو ترقی کرتا دیکھ کر نیند نہیں آتی کیوں کہ ان کا بیانیہ تو فوج اور ریاست پاکستان کے خلاف ہے۔ ان کا بیانیہ آرمی چیف کے خلاف ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ لوگ پیٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کے بعد پختونخوا میں ٹرانسپورٹ کے کرایے کیوں کم نہیں کروا رہے؟ یہ پختونخوا میں بڑے ہسپتال کیوں نہیں بنا رہے؟ پختونخوا میں اچھے اسکول کیوں قائم نہیں کیے جا رہے ہیں؟ وہاں علاج اور تعلیم کے نام پر کوئی بڑا قابل ذکر کام نہیں ہو رہا۔
انہوں نے گزشتہ بارہ سال سے زائد عرصے میں خیبر پختونخوا کے عوام کے لیے کوئی کام نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ انہیں تکلیف صرف اس بات کی ہو رہی ہے کہ پاکستان کی معیشت بہتر کیوں ہو رہی ہے،معیشت کے پٹڑی پر چڑھتے ہی وہی کام شروع کردیا گیا ہے، جو 2013 میں کیا گیا تھا۔ انہیں ماضی میں معلوم تھا کہ چینی صدر پاکستان آ رہے ہیں، اس وقت یہ دھرنا شروع کردیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ چینی صدر کو نہیں آنے دیں گے۔
عطا ء تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے ان کا64 ارب ڈالر کا تحفہ تاخیر سے آیا، سی پیک تاخیر سے شروع ہوا مگر نواز شریف کی قیادت میں، شہباز شریف نے ڈلیور کیا اور بجلی کے منصوبے لگائے، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، موٹرویز بنیں، صنعتوں کو فروغ ملا اور سی پیک تیزی سے آگے بڑھا۔

مزید پڑھیں:  صیہونیوں کابیروت پرحملہ، متوقع حزب اللہ سربراہ کو نشانہ بنانےکا دعویٰ