جے شنکرکے حوالے سے پروپیگنڈا

جعلی حکومت جے شنکرکے حوالے سے بے بنیاد پروپیگنڈا کررہی ہے ، بیرسٹرسیف

ویب ڈیسک: مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے اپنی بات کی وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ جعلی حکومت جے شنکر کے حوالے سے بے بنیاد پروپیگنڈا کررہی ہے ۔
بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کو احتجاج میں شرکت کی دعوت دینے کی تردید کرتے ہوئے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ میڈیا میرے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جعلی حکومت ایک ہفتے سے شنگھائی تعاون اجلاس کو پی ٹی آئی احتجاج سے جوڑ رہی ہے، جعلی حکومت نے جے شنکر کو خود دعوت دی ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ نجی ٹی وی اینکر نے جے شنکر آنے کی بات کی جس کے جواب میں بتایا کہ ان کو شرکت کی دعوت دیتا ہوں تاکہ وہ پی ٹی آئی کا پرامن احتجاج دیکھ لیں۔
انہوں نے کہا کہ دوسری طرف جعلی حکومت کے کنٹینرستان اور احتجاج کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی بات کی۔
ان کاکہنا تھا کہ بھارت بڑا جمہوری ملک کا دعویدار ہے انکو دکھانا تھا کہ ہمارا احتجاج پرامن ہے، میڈیا میرا آدھا بیان پیش کررہا ہے جو صحافتی اصولوں کی مکمل خلاف ورزی ہے۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے مزید بتایا کہ میڈیا سے درخواست ہے کہ میرا پورا ویڈیو چلائیں، پورا ویڈیو دیکھنے کے بعد مخالفین کے منہ بند ہوجائینگے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ بھارت کے ساتھ پینگیں بڑھانا شریف خاندان کا وطیرہ ہے، جعلی حکومت بھی منافقت کی انتہا کررہی ہے، ایک طرف جے شنکر کے آنے پر خوشی سے پھولے نہیں سما رہے دوسری طرف میرے مثبت بیان کو منفی کرکے پیش کیا جا رہا ہے۔
ان کامزید کہنا تھا کہ ایس سی او سمٹ میں آنے والے تمام معززین کو احتجاج میں شمولیت کی دعوت دیتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  پرامن احتجاج کرنا چاہتے ہیں، راستے نہ روکے جائیں، شوکت یوسفزئی