وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی گرفتاری

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی گرفتاری کی متضاد اطلاعات،سرکای ذرائع کی تردید

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی اسلام خیبر پختونخوا ہاؤس سے گرفتاری کی متضاد اطلاعات سامنے آئی ہیں جبکہ سرکاری ذرائع نے تردید کی ہے ۔
ذرائع کے مطابق آئی جی اسلام آباد نے علی امین گنڈا پور کو حراست میں لیا۔
ذرائع نے بتایاکہ علی امین گنڈا پورکو ریاست کیخلاف حملہ آور ہونے پرقانونی کارروائی کی جائے گی، ان پر سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے لزامات ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور پر سرکاری وسائل کا غلط استعمال کرنے کے الزامات بھی ہیں۔
دوسری جانب سرکاری ذرائع نے تردید کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پور کی گرفتاری کی خبر غلط ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر سیف کا کہنا تھاکہ وزیر اعلیٰ علی مین گنڈا پور سے رابطہ نہیں ہو رہا ہے۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ رینجرز نے خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد کو سیل کر دیا ہے ۔
اس سے پہلے پولیس رینجرز کی بھاری نفری خیبرپختونخوا اسلام میں داخل ہو ئی تھی جبکہ قیدی وین بھی خیبر پختونخوا ہاؤس کے باہر موجود تھے ۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور اسلام آباد پہنچنے پر خیبر پختونخوا ہاؤس چلے گئے تھے ۔
خیبر پختونخوا ہاؤس کے باہر بھی بڑی تعداد میں رینجر اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نفری تعینات ہے ۔
قبل ازیں غیر قانونی اسلحہ و شراب برآمدگی کیس میں عدالت نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں ۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں علی امین گنڈا پور کے خلاف غیر قانونی اسلحہ و شراب برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی۔
علی امین گنڈا پور کے خلاف تھانہ بہارہ کہو میں مقدمہ درج ہے جس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسین زیدی نے کی۔
متعدد مرتبہ عدالتی طلبی کے باوجود وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور عدالت پیش نہ ہوئے۔
عدالت نے حکم دیا کہ علی امین گنڈا پور کو گرفتار کرکے آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کیا جائے۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور ڈی چوک اسلام آباد میں احتجاج کیلئے اسلام آباد پہنچنے کے بعد چائنہ چوک سے خیبر پختونخوا ہاؤس چلے گئے تھے ۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت میں آنے والا قافلہ تمام رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے اسلام آباد پہنچ گیا تھا ۔
دوسری جانب مختلف مقامات پر پی ٹی آئی کارکنوں اور پولیس کے درمیان تصادم ہورہے ہیں ۔
تصادم کے نتیجے میں متعدد پولیس اہلکاروں سمیت پی ٹی آئی کے کارکنوں کے بھی زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ۔

مزید پڑھیں:  بیرسٹر گوہر سمیت 20وکلا ء کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج