جعلی حکومت انسانی حقوق کی سنگین

جعلی حکومت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہے، بیرسٹر سیف

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات و نشریات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ جعلی حکومت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہے، لیکن یہ یاد رکھے کہ اس کا حساب ضرور لیا جائے گا۔
مشیر اطلاعات نے کہا ہے کہ شریف خاندان اپنی ناجائز حکومت بچانے کے لیے ذلت کی اتاہ گہرائیوں تک گر چکا ہے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ملاقاتوں پر پابندی سے متعلق اپنے بیان میں کہا ہے کہ جعلی حکومت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی سے خاندان و وکلاء سمیت کسی کو ملاقات کی اجازت نہیں۔
مشیر اطلاعات نے بتایا کہ فارم 47 کی جعلی حکومت کو خوف ہے کہ بانی پی ٹی آئی ورکرز کو احتجاج کی نئی حکمت عملی نہ بتا دیں، انہیں ڈر ہے کہ بانی پی ٹی آئی وکلاء کو آئین میں ناجائز ترمیم کے خلاف متحرک نہ کر دیں۔ انہیں اپنا خوف کھائے جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چور ٹولہ بشریٰ بی بی سے بھی خوف زدہ ہے، اسی لئے ان پر بھی پابندی عائد کر رکھی ہے۔ مینڈیٹ چوروں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے باز آ جائیں۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ صوبائی کابینہ کے اراکین کو غیرقانونی طور پر قید اور پی ٹی آئی ورکرز کو جیل میں رکھا گیا ہے جو سراسر ناانصافی ہے۔
جعلی حکومت نے جمہوریت کے چاروں ستونوں پر حملہ کر دیا ہے۔ آج شریف خاندان اپنی ناجائز حکومت بچانے کے لیے ہر حد تک جا چکا ہے، جو اس کے جی میں آتا ہے کر گزرتا ہے لیکن اسے یاد رکھنا ہوگا کہ ریاستی ظلم و بربریت کا حساب ضرور لیں گے۔

مزید پڑھیں:  طوفان الاقصیٰ کا ایک سال مکمل، اسرائیل آج بھی خوف کا شکار