2014جیسی سازش

2014جیسی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، وزیراعظم

ویب ڈیسک:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں2014جیسی سازش کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے،جتھے کو فکر ہے پاکستان ترقی کرگیا تو ہمیں کون پوچھے گا اس لیے پاکستان کی ترقی ایک جتھے کو قبول نہیں۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چین کے وزیراعظم پاکستان کے دورے پر آرہے ہیں اور آج ایک بار پھر ملک میں دھرنے جاری ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ کی سربراہی میں احتجاج میں افغان شہری تھے، وفاق پر دن رات چڑھائی کی جارہی ہے، جتھے کو فکر ہے پاکستان ترقی کرگیا تو ہمیں کون پوچھے گا ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کراچی واقعے سے چینی اور پاکستانی عوام افسردہ ہیں، چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لیے سخت انتظامات ہونے چاہئیں، چینی سفیر کو یقین دلایا ہے کہ ایس سی او کے لیے جامع انتظامات کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام منظور کرنے پر ایم ڈی آئی ایم ایف کا شکریہ ادا کرتے ہیں، آئی ایم ایف ایم ڈی نے بھی تسلیم کیاپاکستان میں اصلاحات لائق تحسین ہے، سعودی عرب، یو اے ای اور چین نے آئی ایم ایف پروگرام میں ہماری مدد کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ چین کے وزیراعظم پاکستان کے دورے پر آرہے ہیں، آج ایک بار پھر ملک میں دھرنے جاری ہیں، پہلے بھی چینی صدر کے دورے کے موقع پردھرنا دیا گیا، 2014 میں جو کچھ کیا گیا اب اس کو دہرایا گیا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملائیشین وزیراعظم کے دورہ پاکستان میں دوطرفہ تجارت پربات ہوئی، سعودی عرب کا وفد آرہا ہے، 2 ارب ڈالر سے زیادہ کا معاہدہ ہورہا ہے، سرمایہ کاری وہیں ہوتی ہے جہاں امن ہو، معیشت کے استحکام میں رکاوٹیں ڈالنے سے بڑی ملک دشمنی کوئی نہیں، ہم 2014 جیسی کوئی سازش کسی صورت نہیں ہونے دیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی کی شرح ایک سال پہلے 32 فیصد تھی مگر اب 6.9 فیصد ہے، پیٹرول کی قیمتیں پانچویں مرتبہ کم کی گئیں جب کہ ٹیکس چوری کو روکنے کے لیے اصلاحات بھی کررہے ہیں، یہ وہ معاملات ہیں جن کی ان کو تکلیف ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین ایف بی آر قابل افسر ہیں،ٹیکس کلیکشن میں اضافہ ہورہاہے، فائلرز کی تعداد دگنی ہوگئی ہے اور برآمدات بھی بڑھ گئی ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف سکیورٹی فورسز نے بے پناہ قربانیاں دیں، خارجی اور اندر کے دشمن ایک ہوگئے ہیں، ان کو فنڈنگ کہاں سے ہورہی ہے سب کو معلوم ہے۔

مزید پڑھیں:  علیمہ اور عظمیٰ خان مزید 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے