کوکی خیل قبیلے کا دھرنا ختم

وزیراعلیٰ سےملاقات:کوکی خیل قبیلے کا دھرنا اور مارچ ختم کرنےکااعلان

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور سے ملاقات کے بعد ضلع خیبر کے کوکی خیل قبیلے نے گزشتہ 75دنوں سے جاری دھرنا اور مجوزہ مارچ ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور سے ضلع خیبر کے کوکی خیل فبیلے کے عمائدین پر مشتمل جرگے نے ملاقات کی جس میں قوم کے عارضی طورپر بے گھر افراد کی اپنے علاقوں کو واپسی پر مشاورت کی گئی ۔
ملاقات میں ایم این اے اقبال آفریدی، ایم پی ایز سہیل آفریدی اور عبدالغنی آفریدی کے علاوہ کمشنر پشاور اور ڈپٹی کمشنر خیبر بھی موجود تھے ۔
کلیئر ہونے والے علاقوں کے لوگوں کی واپسی کے لیے رجسٹریشن کا عمل فوری شروع جبکہ باقی ماندہ لوگوں کی واپسی کے لئے متعلقہ اداروں کے ساتھ اگلے ہفتے اجلاس منعقد کرکے واپسی کا لائحہ عمل اور ٹائم لائن طے کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی یقین دہانی پر جرگہ نے کل تیراہ کی طرف بے گھر افراد کے مجوزہ مارچ کو ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے گزشتہ 75دنوں سے جاری طور خم شاہراہ پر جاری دھرنا بھی ختم کرنے کا اعلان کیا ۔
اس موقع پر جرگے نے بے گھر افراد کی واپسی کا لائحہ عمل طے کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ پر مکمل اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے علی مین گنڈا پور کے قائدانہ کردار کو خراج تحسین کیا گیا ۔
عمائدین نے کہا کہ 11اکتوبر کا مسئلہ پر امن انداز سے حل کرنے پر وزیر اعلیٰ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں انتہائی دانشمندی اور اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے لوگوں کو خون خرابے سے بچالیاہم وزیر اعلیٰ کے اس اہم کردار پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
جرگہ عمائدین نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے جس احسن طریقے سے 11 اکتوبر اور بنوں کا معاملہ حل کیا وہ ہمارا مسئلہ بھی ضرور حل کریں گے، ہمیں ان پر مکمل اعتماد ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مسئلے کے حل کے لئے مجھ پر اعتماد کرنے پر کوکی خیل کے عمائدین کا مشکور ہوں، میں ان کے اعتماد پر پورا اترنے کی بھر پور کوشش کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ اگلے ہفتے متعلقہ شراکت داروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے بے گھر افراد کی بحالی کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قبائلی عوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں امن کی خاطر اپنا گھر بار چھوڑنے اور تکالیف اٹھانے والوں کی اپنے علاقوں کو با عزت واپسی اور دوبارہ آباد کاری ہماری اولین ترجیح ہے ۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بے گھر افراد کی واپسی اور دوبارہ آبادکاری کے لئے درکار سامان کی خریداری اور دیگر لوازمات کا عمل شروع کیا جائے۔

مزید پڑھیں:  لیاقت علی خان کا 73واں یوم شہادت آج منایا جا رہا ہے