sssss 3

معاشی سفارت کاری کے فروغ اور انگیج افریقہ پالیسی کے حوالے سے وزیر خارجہ کی وزارتِ خارجہ میں افریقی ممالک کے سفراء کے ساتھ ملاقات

ویب ڈیسک:معاشی سفارت کاری کے فروغ اور انگیج افریقہ پالیسی کے حوالے سے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی وزارتِ خارجہ میں افریقی ممالک کے سفراء کے ساتھ ملاقات، انگیج افریقہ پالیسی اور افریقی ممالک کے ساتھ دو طرفہ معاشی تعاون کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ ء خیال میں وزارت خارجہ میں تشریف آوری پر آپ کو خوش آمدید کہتا ہوں،

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان افریقی ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، ہماری حکومت افریقی ممالک کے ساتھ معاشی روابط کے فروغ کیلئے پرعزم ہے، افریقہ اور پاکستان کے مابین دو طرفہ تعلقات اور معاشی و تجارتی تعاون کے فروغ کے بہت سے مواقع موجود ہیں، ہم افریقی ممالک میں نہ صرف اپنے سفارت خانوں کو اپ گریڈ کر رہے ہیں بلکہ نئے سفارت خانے کھولنے کا فیصلہ کر چکے ہیں، میں نے افریقی ممالک میں تعینات پاکستانی سفراء کو خصوصی ہدایت کی ہے کہ وہ پاکستان اور افریقہ کے مابین دو طرفہ تجارت اور معاشی تعاون کے فروغ کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں۔

مزید پڑھیں:  امریکہ پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات کا لطف اٹھا رہا ہے، ڈونلد لو

ہم نے جنوری 2019 میں کرونا وبائی صورتحال کے باوجود وزارتِ تجارت کی معاونت سے نیروبی میں ٹریڈ کانفرنس منعقد کی، پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان معاشی تعاون کا فروغ، دو طرفہ تعلقات اور عوام کی سطح پر روابط کو فروغ دے گا، ہم نے ویزہ کے حصول میں سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں،

ہم افریقی ممالک سے بھی توقع کرتے ہیں کہ وہ ویزہ کے اجراء میں اسی طرح وسیع القلبی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی بزنس کمیونٹی کو سہولت فراہم کریں گے، آج ٹیکنالوجی کے انقلاب نے ہمارے روابط کو سہل بنا دیا ہے ہم اس ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے روابط کو فروغ دے سکتے ہیں۔

ہم اپنے دو طرفہ تعلقات کو اسٹریٹیجک دو طرفہ تعاون کے ساتھ مزید بڑھا سکتے ہیں، ہم افریقی ممالک کے ساتھ زراعت، صحت، ٹیکنالوجی، مذہبی سیاحت سمیت متعدد شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں، ہم آپ کے تجارتی وفود کو پاکستان میں خوش آمدید کہیں گے،

مزید پڑھیں:  ملک میں جان اور مال کا تحفظ نہیں ہے:سینیٹر شبلی فراز

مخدوم شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ آپ کے وفود پاکستان آئیں اور یہاں موجود سرمایہ کاری اور کاروبار کے میسر مواقعوں کو خود ملاحظہ کریں، مجھے اس انگیج افریقہ پالیسی کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے آپ کا تعاون درکار ہو گا،

افریقی ممالک کے سفراء نے پاکستان کی طرف سے افریقہ کے ساتھ اقتصادی و معاشی تعاون کے فروغ کے عزم کو نئے سال کا خوبصورت تحفہ قرار دیتے ہوئے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ،وزارتِ خارجہ میں ہونیوالی اس ملاقات میں موریشس، ماروکو،تونیشیا،جنوبی افریقہ، لیبیا، سوڈان، کینیا اور الجیریا کے سفراء موجود تھے۔