ویب ڈیسک (اسلام اباد) : پاکستان سیٹیزن پورٹل پر ریلیف کے حوالے سے عوام کی شکایات کے ازالے سے متعلق وزیراعظم عمران خان نے ایکشن لے لیا ، وزیراعظم کا 1 لاکھ 55 ہزار شکایات کو دوبارہ کھولنے کا حکم دے دیا ، وزیراعظم نے ہدایت کر دی کہ جولائی 2020ء سے دسمبر 2020ء تک غیر مطمئن شہریوں کی شکایات کو دوبارہ کھولا جائے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم کی ہدایات پر شکایات کو مرحلہ وار کھولا جائے گا، شکایات پر نظرثانی کیلئے دوبارہ کھولی گئی شکایات اعلی افسران کو تفویض کر دی ہے ، نظرثانی شکایات کے لیے متعلقہ شہری سے رابطہ اور مجاز افسر کی رائے لازمی قراردی گئی ہے ، پہلے مرحلے میں جائیداد کے تنازعات، امن و امان اور انسانی حقوق سے متعلق شکایات کو دوبارہ کھولا جائے گا، وفاقی اداروں کی 68 ہزار، پنجاب کی53ہزار شکایات پر نظر ثانی کی جائے گی، خیبرپختونخوا سے15ہزار، سندھ 13ہزار، بلوچستان 1800 اور اسلام آباد سے1200 شکایات شامل ہیں،
اس موقعہ پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے، شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔