Hazrat Data Ganj Bakhsh'

حضرت داتا گنج بخش کے سالانہ عرس کی تقریبات کا آج سے آغاز

ویب ڈیسک (لاہور)صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں صوفی بزرگ سید علی ہجویری المعروف داتا گنج بخش ؒ کے 978 ویں سالانہ عرس کی 3 روزہ تقریبات آج سے شروع ہو گئی ہیں۔ ، ان کا نام علی بن عثمان ہجویری المعروف داتا صاحب ؒ ہے۔

حضرت داتا صاحب تقریباً 1 ہزار سال قبل افغانستان سے لاہور تشریف لائے اور بھا ٹی دروازے کے قریب قیام فرمایا،اپنے اخلاق اور حُسنِ کردار سے غیر مسلموں کو گرویدۂ اسلام کیا، ان کی بے مثل تصنیف کشف المحجوب تصوف پر سند قرار دی جاتی ہے۔

داتا گنج بخشؒ کے عرس کی تقریبات کے سلسلہ میں قبر کو غسل دیا گیا ہے، عرس کی تقریبات 26 تا 28 ستمبر جاری رہیں گی۔

داتا صاحبؒ کے عرس پر لنگر کے انتظامات مکمل ہیں، دودھ کی سبیلیں بھی لگائی جارہی ہیں، مٹھائیوں اور دیگر اشیاء کی دکانیں بھی سج گئیں۔ابتدائی طبی امداد کے لے ڈسپنسری، زائرین کے لیے 3 درجاتی سیکیورٹی اور کورونا وائرس کی ایس او پیز کی پابندی کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں:  بلوچستان کی 14رکنی کابینہ نے حلف اٹھا لیا

عرس سے قبل تصوف پر عالمی کانفرنس منعقد کی گئی ہے جبکہ عرس کے دوران قرأت، نعت خوانی اور سماع کی محفلیں عروج پر ہوں گی۔

خیال رہے کہ آپ کا پورا نام شیخ سیّد ابو الحسن علی ہجویری ہے، کنیت ابو الحسن لیکن عوام و خواص سب میں “گنج بخش” یا “داتا گنج بخش” (خزانے بخشنے والا) کے لقب سے مشہور ہیں، آپ 400 ہجری میں غزنی شہر سے متصل ایک بستی ہجویر میں پیدا ہوئے، آپ کے والد بزرگوار کا اسم گرامی سید عثمان جلابی ہجویری ہے، جلاب بھی غزنی سے متصل ایک دوسری بستی کا نام ہے جہاں سید عثمان رہتے تھے،علی ہجویری، حضرت زید کے واسطے سے امام حسن کی اولاد سے ہیں۔

مزید پڑھیں:  چینی انجینئرز کی سکیورٹی کیلئے بلٹ پروف گاڑیوں کی منظوری

داتا صاحبؒ کا عرس، ٹریفک پلان جاری

دوسری جانب ملک کے دوسرے بڑے شہر لاہور میں حضرت داتا گنج بخش ؒ کے 978 ویں عرس کی آج سے شروع ہونے والی تقریبات کے لیے ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا۔

سی ٹی او لاہور منتظر مہدی کے مطابق حضرت داتا گنج بخش ؒ کے عرس کی تقریبات 26 سے 28 ستمبر تک 3 روز جاری رہیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ عرس کے دوران متصل سڑکوں پر 3 ڈی ایس پیز، 52 انسپکٹرز، 654 وارڈنز ٹریفک کی روانی کے لیے تعینات کیئے گئے ہیں۔

سی ٹی او لاہور منتظر مہدی نے مزید بتایا کہ چوبرجی سے آنے والوں کو ساندہ روڈ سے بھیج دیا جائے گا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اندرونِ شہر سرکلر روڈ پر آنے والے ٹریفک کو متبادل راستوں پر ڈائیورٹ کیا جائے گا۔