Air ambulance

عمر شریف کو امریکا لے جانے کیلئے ائرایمبولینس کراچی پہنچ گئی

ویب ڈیسک (کراچی) پاکستانی کامیڈین واداکار عمر شریف کو علاج کے لیے امریکی دارالحکومت واشنگٹن لے جانے کے لیے ایئر ایمبولینس کراچی پہنچ گئی ہے۔

سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق فلائٹ آئی ایف اے 1264 فلپائن کے منیلا ایئرپورٹ سے کراچی آئی ہے، ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ایئر ایمبولینس طیارے نے 11:56 بجے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کیا ہے۔

سندھ حکومت کی جانب سے اخراجات کی ادائیگی پر آن کال انٹرنیشنل سے بک کئی گئی ایئرایمبولنس جرمنی میں رجسٹرڈ ہے۔

واضح رہے کہ اداکار عمر شریف عارضہ قلب میں مبتلا اور نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

شیڈول کے مطابق انہیں لے جانے کے لیے ایئر ایمبولینس نے گزشتہ رات 11 بجے کراچی پہنچنا تھا مگر اتوار کو عمر شریف کی طبیعت زیادہ خراب ہونے کی وجہ سے فوری روانگی مؤخر کی گئی۔

واشنگٹن میں ان کے معالج اور پاکستانی مشہور اداکارہ ریما کے شوہر ڈاکٹر طارق شہاب نے عمر شریف کے علاج کے سلسلے میں تمام اقدامات اٹھائے ہیں۔

ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق طبیعت بہتر ہونے پر کامیڈین عمر شریف کو واشنگٹن کے طویل سفر پر روانہ کیا جاسکے گا۔

ایئر ایمبولینس میں عمر شریف کی فیملی کا کوئی فرد سفر نہیں کرے گا بلکہ یہ تمام افراد کمرشل پرواز سے امریکا روانہ ہوں گے۔