Dengue-KP-health-outbreaks

ڈینگی وائرس کی روک تھام کے لئے کوآرڈینیشن کمیٹی قائم

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا میں ڈینگی وائرس کی روک تھام کے لئے کورآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔یہ فیصلہ وزیراعلٰی  محمودخان کی زیر صدارت ڈینگی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں صوبے میں ڈینگی وائرس کی تازہ صورتحال اور ڈینگی کے تدارک کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر اعلی کے معاون خصوصی کامران بنگش،  متعلقہ انتظامی سیکرٹریوں، کمشنر پشاور اور محکمہ صحت کے متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔اس موقع پروزیر اعلی نے ڈینگی کی روک تھام کے لئے چیف سیکرٹری کی سربراہی میں صوبائی کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا۔ کمیٹی اس سلسلے میں تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کی ذمہ داریوں کا تعین کرنے کے علاوہ متعلقہ محکموں کے درمیان کوآرڈینیشن اور ڈینگی ایکشن پلان پر عملدرآمد یقینی بنائے گی۔واضح رہے کہ صوبہ بھر میں اب تک ڈینگی کے 1173 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پشاور میں ڈینگی کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن کی تعداد 253 ہے۔

مزید پڑھیں:  وادی تیراہ میدان میں‌ سیلاب نے تباہی مچا دی، کروڑوں کا نقصان
مزید پڑھیں:  اپیکس کمیٹی کا اجلاس آج طلب، بنوں واقعہ پر کمیشن کے قیام کا طریقہ کار زیرغور

اجلاس میں ڈینگی کی روک تھام کے لئے ایک جامع ایکشن پلان کی بھی منظور ی دی گئی ۔تمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں کم سے کم 10 بستروں پر مشتمل ڈینگی یونٹس قائم کئے گئے ہیں۔اجلاس میں ڈینگی کے حوالے سے بڑے پیمانے پر عوام کو آگہی دینے کے لئے میڈیا اسٹریٹجی تشکیل دینے اور روزانہ کی بنیادپر آگہی مہم چلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔