cabinet meeting

خیبر پختونخوا لینڈیوز ایکٹ منظور

ویب ڈیسک :خیبر پختونخوا کابینہ نے لینڈیوز ایکٹ منظور کر لیا جبکہ بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ لینڈیوز اینڈبلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ایکٹ 2021 کی منظوری سے صوبے میں غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے گی

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی زیرصدارت ہونے والے کابینہ اجلاس کی تفصیلات بتاتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران خان بنگش نے کہا کہ صوبے میں چھ بڑے شہروں کی لینڈیوز پلاننگ مکمل کر لی گئی ہے۔

وزیر اعلیٰ کے احکامات کے مطابق بیس شہروں کے ماسٹر پلان کی تیاری آخری مراحل میں ہے۔ لینڈیوز ایکٹ منظور ی سے شہری علاقوں کے بے ہنگم پھیلائو کو روکنے، شہروں کی خوبصورتی، زرعی زمینوں کی حفاظت کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اربن پالیسی بھی اسی لینڈیوز ایکٹ کے تحت بنائی جائے گی۔
کابینہ اجلاس میں صوبے میں بلدیاتی انتخابات کو مرحلہ وار کروانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ پہلے مرحلے میں نیبرہوڈ کونسل اور ویلیج کونسل جبکہ دوسرے مرحلے میں تحصیل کونسل کے انتخابات کروائے جائیں گے جس کے لئے شیڈول کابینہ کمیٹی الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر فائنل کرے گی۔
صوبائی کابینہ نے وقف پراپرٹی کے انتظام و انصرام کے لیے خیبر پختونخوا وقف پراپرٹی ترمیمی ایکٹ 2021 کی بھی منظوری دی۔اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے تمام محکموں کو تجاوزات کے خلاف اقدامات مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ تجاوزات سے متعلق ہر ماہ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔کابینہ نے 28 ریسٹ ہائوسز کی فنانشل بڈ کی بھی منظوری دے دی۔

مزید پڑھیں:  ڈیرہ اسماعیل خان میں شدید بارشیں، نظام زندگی درہم برہم