ایک اور ملازمہ قتل

ایک اور ملازمہ قتل،ملزمان نے نعش ڈبے میں پیک کرکے پھینک دی

ایک اور گھریلو ملازمہ قتل کر دی گئی ،دو خواتین نے ملازمہ کو قتل کر کے نعش ڈبے میں پیک کر کے پھینک دی۔

پولیس ذرائع کے مطابق لاہور کے علاقے کاہنہ میں دو خواتین نے ملازمہ کو قتل کرکے نعش ڈبے میں پیک کرکے پھینک دی، تاہم سی سی ٹی فوٹیج سامنے آنے کے بعد پورے واقعے کا بھید کھل گیا اور قاتل خواتین کی تصدیق بھی ہوگئی۔

پولیس حکام نے بتایا کہ اطلاع ملی تھی کہ نامعلوم افراد گتے کا ڈبہ پھینک کر فرار ہوگئے ہیں، پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈبہ قبضے میں لے لیا تو پتہ چلا کہ اس میں نعش ہے، نعش کی شناخت یاسمین کے نام سے ہوئی، اور جب پولیس نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا اور شواہد اکٹھے کئے تو سی سی ٹی وی فوٹیج سے پتہ چلا کہ دو خواتین ڈبہ پھینک کر گئی ہیں۔

مزید پڑھیں:  بنوں :سابق ناظم اسلامی جمعیت طلبہ حافظ اللہ نور کو قتل کردیاگیا

پولیس حکام نے بتایا کہ فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ یاسمین نامی خاتون کی نعش کو بشری اور ارم نامی خواتین لے جارہی ہیں، بشری اور ارم آپس میں ماں بیٹی ہیں، اور جب تحقیقات کی گئیں تو پتہ چلا کہ قتل ہونے والی یاسمین بشری بی بی کے گھر ملازمہ تھی، ابتدائی طور پر لگتا ہے کہ مقتولہ کی موت گلا دبانے کی وجہ سے ہوئی، تاہم مقتولہ کے پیٹ میں چھری کا زخم بھی ہے، نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے، رپورٹ کے بعد تمام صورتحال واضح ہوجائے گی۔

مزید پڑھیں:  مینگورہ، ہوٹل میں کھانا کھاتے لڑکا لڑکی قتل، ملزم آلہ قتل سمیت گرفتار

پولیس کا کہنا ہے کہ بشری اور اس کی بیٹی ارم تاحال فرار ہیں، تاہم پولیس نے خواتین کے عزیز کو حراست میں لے لیا ہے، مفرور خواتین کے دیگر عزیز و اقارب کی جانب سے پولیس کو مزاحمت کا سامنا بھی کرنا پڑا، اور انہوں نے پولیس کو روکنے کی بھی کوشش کی، تاہم مفرور خواتین کی تلاش میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں، اور جلد ہی انہیں قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔