عرفات میں حج کا رکنِ اعظم وقوف عرفہ ادا

ویب ڈیسک: عازمین نےعرفات میں حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کر دیا۔
حجاج کرام نے میدان عرفات میں عبادات، توبہ استغفار اور تلبیہ بلند کرنے کے علاوہ ظہر اور عصر کی نمازیں اکھٹی پڑھیں۔ دونوں باجماعت نمازوں کے لیے ایک ہی اذان دی گئی جبکہ نماز کے لیے دونوں نمازوں کی اقامت الگ الگ دی گئی۔ میدان عرفات میں غروب آفتاب کے بعد نماز مغر ب ادا کیے بغیر حجاج کرام مزدلفہ روانہ ہو جائیں گے۔ مزدلفہ میں حجاج مغرب اورعشا کی نمازیں ایک اذان اور دو تکبیروں کے ساتھ ادا کریں گے اور رات بھر مزدلفہ میں کھلے آسمان تلے قیام کے دوران عبادت اور دعائیں کریں گے۔ مزدلفہ کی حدود ہی سے حجاج کرام رمی جمرات کے لیے کنکریاں جمع کریں گے۔ اس کے بعد حجاج کرام اگلے روز جمرات کے مقام پر کنکریاں مارنے کا عمل یعنی رمی جمرات کا آغاز کریں گے، جس کے بعد قربانی کی تصدیق کے بعد حجاج کرام حلق کروانے کے بعد اپنا احرام کھول دیں گے
قبل ازیں‌‌مناسک حج کی ادائیگی کے سلسلے میں عازمینِ حج خیموں کے شہر منیٰ پہنچےتھے، جہاں عازمین رات منٰی میں گزاری اور رات بھر عبادات میں مصروف رہے۔ واضح رہے کورونا وبا کے بعد پہلی بار 10 لاکھ عازمین حج اکبر کی سعادت حاصل کر رہے ہیں جن میں تقریباً 80 ہزار پاکستانی عازمین شامل ہیں۔

مزید پڑھیں:  مانسہرہ، موبائل سنیچرز اور اسے فروخت کرنے والا گروہ دھر لیا گیا