دھمکی کے باوجود نینسی پلوسی کی تائیوان آمد، چین کا شدید ردِعمل

ویب ڈیسک: چین کی طرف سے سنگین نتائج کی دھمکیوں کے باوجود امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی منگل کو رات گئے تائیوان پہنچ گئیں۔
چینی حکومت نے نینسی پلوسی کے تائیوان کے دورے کو انتہائی خطرناک قراردیا۔ چینی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ پلوسی کا دورہ چین کے اصول اور چین اورامریکہ کے تین مشترکہ اعلامیوں کی دفعات، چین کی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی بھی ہے۔ اس دورے کا چین اور امریکہ کے تعلقات کی سیاسی بنیاد پر شدید اثر پڑا ہے۔
چین کی فوج نے نینسی پلوسی کی گزشتہ روز تائیوان آمد کے ردعمل میں آبنائے تائیوان میں جنگی کارروائیاں شروع کردیں۔ چین کی پیپلزلبریشن آرمی کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چینی فوج چوکنا ہے، وہ خطرات کا مقابلہ کرنے، قومی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کا مضبوطی سے دفاع کرنے،بیرونی مداخلت اورتائیوان کی آزادی کے حامی علاحدگی پسندوں کی کوششوں کو سختی سے ناکام بنانے کے لیے پر عزم ہے۔

مزید پڑھیں:  فلسطین اولمپک کمیٹی کا اسرائیل کو مقابلوں سے خارج کرنے کا مطالبہ