16سالہ لڑکی قتل

چمکنی میں غیرت کے نام پر16سالہ لڑکی قتل ہوگئی

ویب ڈیسک: چمکنی میں خاتون کو غیرت کے نام پر قتل کردیا گیا جبکہ بڈھ بیر میں شہری گھر کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا۔ نور محمد سکنہ چمکنی حال میرہ کیچوڑی نے پولیس کو بتایا کہ گزشتہ روز اس کی 16سالہ بیٹی مسماة( ز) گھر میں موجود تھی اس دوران اس کا بھتیجا امانت ولد وزیر محمد ان کے گھر آیا اور بیٹی کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا ۔ مدعی کے مطابق اس کی بیٹی کی ملزم امانت کے بھائی عابد کے ساتھ منگنی ہوئی تھی۔
پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ۔ پولیس کے مطابق مقتولہ کی منگنی بچپن میں اپنے چچازاد عابد سے طے ہوگئی تھی تاہم پانچ ماہ قبل مقتولہ مسماة ( ز) اپنے کسی دوست کے ساتھ گھر سے چلی گئی تھی جس کا عابد کے بھائی ملزم امانت کور نج تھا۔ خاتون 10روز پہلے ہی واپس گھر لوٹی تھی ۔
ادھر بڈھ بیرکے علاقہ شیخان میں نامعلوم افراد نے ایک شخص کو قتل کر دیا۔ ارشد ولد غلام رسول نے بڈھ بیر پولیس کو بتایا کہ اس کا بھائی دلاور خان گھر آرہا تھا کہ راستے میں نامعلوم افرا د نے اسے فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ اطلاع ملنے پر وہ موقع پر پہنچا تودلاور کی نعش پڑی تھی ۔

مزید پڑھیں:  آئینی پیکج کیخلاف تحریک انصاف کے وکلا کا احتجاج