پی ٹی آئی خیبر پختونخوا

پی ٹی آئی کی خیبر پختونخوا میں ضمنی انتخابی مہم تیز

ویب ڈیسک : اسلام آباد ہائی کورٹ سے ضمنی انتخابات ملتوی کرانے کی کوشش میں ناکامی کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے خیبر پختونخوا میں ضمنی انتخابی مہم تیز کردی۔ پشاور، مردان، چارسدہ اور کرم میں اچانک تمام پارٹی تنظیمیں متحرک ہوگئیں اور کارنر میٹنگز کیساتھ ساتھ گھر گھر دستک دیتے ہوئے عمران خان کیلئے ووٹ مانگنا بھی شروع کردیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے گزشتہ ہفتے اسلام آباد ہائی کورٹ میں رٹ دائر کی گئی تھی کہ سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پی ٹی آئی کے 10ارکان کے منظور شدہ استعفے کالعدم قرار دیئے جائیں اور ان ارکان کو ایم این اے بحال کیاجائے تاہم ایسا ممکن نہ ہوسکا جس کے بعد پی ٹی آئی نے اب ان حلقوں پر ہونیوالے ضمنی انتخابات کی مہم اصل شکل میں شروع کردی ہے۔
پشاور ، مردان، چارسدہ اور کرم میں ہونیوالے ضمنی انتخابات کیلئے عمران خان متعدد جلسے جلوس کرچکے ہیں تاہم گھر گھر جا کر انتخابی مہم چلانے اور کارنر میٹنگز کے انعقاد کی دور دورہ اب شروع کردیا گیا ہے۔ عید میلاد النبی ۖ کے باوجود پی ٹی آئی کی خواتین ایم پی ایز نے پشاور اور مردان سمیت خواتین تنظیم نے چارسدہ اور کرم میں بھی گھر گھر جا کر خواتین سے ملاقاتیں کیں اور ان سے عمران خان کیلئے ووٹ مانگا شروع کردیا ہے اسی طرح یوتھ اور پارٹی تنظیم نے بھی کارنر میٹنگز شروع کردی ہیں اور اب تمام تر توجہ ضمنی انتخاب پر مرکوز کردی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  کیربینز کیخلاف ناقص کارکردگی، نئی ویمنز سلیکشن کمیٹی تشکیل