داسو دہشتگرد حملے

داسو دہشتگرد حملے کا ماسٹر مائنڈ افغانستان میں مارا گیا

اپر کوہستان کے علاقے داسو میں دیامر بھاشا ڈیم پر کام کرنے والے چینی باشندوں پر دہشتگرد حملے کا ماسٹر مائنڈ کالعدم ٹی ٹی پی کا سرغنہ طارق افغانستان میں مارا گیا۔
ویب ڈیسک: ذرائع کے مطابق داسو دہشتگرد حملے کا ماسٹر مائنڈ، کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا بدنام زمانہ سرغنہ طارق عرف بٹن خراب افغانستان کے صوبے کنڑ میں مارا گیا۔
خیال رہے کہ 14 جولائی 2021 کو اپر کوہستان کے علاقے داسو میں پیش آنے والے واقعہ میں دیامر بھاشا ڈیم کی سائٹ پر کام کرنے والے 9 چینی باشندوں سمیت 12 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
ابتدائی طور پر واقعے کو حادثہ قرار دیا گیا تاہم بعد ازاں اس وقت کے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے واقعے میں دھماکا خیز مواد کی موجودگی کی تصدیق کی تھی۔
اگلے ماہ ایک پریس کانفرنس میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) خیبرپختونخوا جاوید اقبال نے بتایا تھا کہ داسو واقعہ میں خودکش حملہ کیا گیا، حملہ آور کا تعلق افغانستان سے تھا، ڈی آئی جی نے بتایا کہ پورے واقعہ میں 14 مختلف کردار شامل تھے، دہشت گردوں کا نیٹ ورک پاکستان میں موجود تھا، پاکستان میں گروہ کے تمام کردار گرفتار کیے جا چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں مقیم کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا طارق اس گروہ کا سربراہ تھا، معاویہ اور طارق نے افغانستان میں راء اور این ڈی ایس سے تربیت لی اور دونوں نے داسو واقعے کی منصوبہ بندی کی۔

مزید پڑھیں:  فیصل آباد، گھر میں آتشزدگی سے 4 کمسن بچے جھلس کر جاں بحق