پولیس نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا

پولیس نے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، اختر حیات گنڈاپور

پشاور: باڑہ تحصیل کمپلیکس پر ہونے والے حملے کے بعد آئی جی خیبرپختونخوا اختر حیات خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ باڑہ تحصل کمپلیکس پر دو اطراف سے حملہ کیا گیا، فرنٹ سائیڈ گیٹ میں دھماکے سے نقصان ہوا جبکہ بیک سائیڈ کے خودکش حملے کو نیوٹرل کیا گیا۔ انٹیلی جنس بیسڈ معلومات کی بنیاد پر پولیس الرٹ تھی اس لیے حملے کو ناکام بنایا گیا۔ حملے میں تین پولیس اہلکار شہید ہوئے لیکن دہشتگردوں کو اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا گیا۔
آئی جی خیبرپختونخوا اختر حیات خان گنڈاپور نے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں زخمیوں کی عیادت کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ تیسرا واقعہ ہے، پہلا فرنٹیر کور پر ہوا جس میں پیشرفت ہوئی ہے جس سے آپ کو آگاہ کیا جائے گا، ریگی واقعہ میں بھی پولیس نے اپنی جانوں کی قربانی دی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ایسے واقعات نہ ہوں اگر ہوں بھی تو اس کو جلد از جلد روک لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس لائن کی مسجد میں ہونے والا دھماکہ دہشت گردی کا بڑا واقعہ تھا جس کے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا گیا ہے۔ یہ ایک چیلنج ہے پولیس کے لئے، انہوں نے کہا کہ پولیس نے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اورعوام کے تحفظ کو یقینی بنایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت پولیس کو صرف ٹیکنالوجی کی ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں:  پاکستان کا ایشین انڈر 18والی بال چمپئن شپ کیلئے ٹیم کا اعلان