اسی طرح باہر کر دینگے

دوبارہ کسی کو مسلط کیا گیا تو اسی طرح باہر کر دینگے، مولانا فضل الرحمان

جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ آئندہ گزشتہ حکومت کی طرح لوگوں کو لایا گیا تو اسی طرح باہر کر دینگے، ہم نے سڑکوں پر ناجائز حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔
ویب ڈیسک: ڈی آئی خان میں ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مہنگائی کا پہاڑ پوری قوم کے اوپر گرایا گیا لہٰذا قوم سوچے ملکی ترقی جام کرنے والے دوبارہ نمائندہ بننے کے حق دار ہیں یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور دبئی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں، وہ ہم سے یہ بھی پوچھتے ہیں اگلا نظام کیا ہوگا؟ لیکن یہ قوم کی ذمہ داری ہے کہ وہ نااہلوں کا راستہ روکے۔ ہمیں لڑنے کا تجربہ زیادہ اور دوستی کا بہت کم ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا ڈیرہ اسماعیل خان آنے پر مشکور ہوں کیونکہ وزیراعظم ڈیرہ اسماعیل خان کے مسائل کے حل میں ذاتی دلچسپی لیتے ہیں، 2017 اور 18 میں نواز شریف ڈیرہ اسماعیل خان آئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بڑے منصوبوں کا آغاز کیا لیکن بد قسمتی سے پی ٹی آئی حکومت آئی اور منصوبوں پر کام رک گیا، آج پھر یہاں ترقی کا عمل شروع ہوا، کام جاری ہے اور ٹینڈر بھی جاری ہوئے ہیں۔ میں نے خطے کی ترقی کی بات کی آج خوشی ہے کہ یہاں کام ہو رہا ہے۔
جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں معیشت پر بات کی تھی، میں نے کہا تھا متبادل طور پر سوچنا ہوگا اور نئے منصوبے دینے ہوں گے، آج پورے ملک میں میگا پراجیکٹس پر کام شروع ہو چکا ہے۔

مزید پڑھیں:  دیر بالا، ڈرائیور دے بے قابو کوسٹر کھائی میں جا گری، 7 افراد شدید زخمی