چین پاکستان

چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہے گا، شی جن پنگ

ویب ڈیسک: چین کے صدر شی جن پنگ نے پاکستان کے لیے چین کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی منظر نامے کی تبدیلی سے کوئی فرق نہیں پڑتا، چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہے گا۔ چینی صدر نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے آغاز کی دسویں سالگرہ پر تہنیتی پیغام میں کہا کہ 2013 میں سی پیک کے افتتاح سے لے کر اب تک دونوں ملک مشترکہ تعمیر اور شیئرنگ کے اصولوں کے مطابق سی پیک منصوبوں کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ ان منصوبوں کی بدولت پاکستان کی اقتصادی و سماجی ترقی کو نئی قوت ملی ہے۔
شی جن پنگ نے کہا کہ سی پیک چین اور پاکستان کے درمیان چار موسموں کی دوستی کا جیتا جاگتا ثبوت بن گیا ہے، یہ راہداری دونوں ممالک کے درمیان نئے دور میں قریب تر چین پاک ہم نصیب معاشرہ تشکیل دینے میں اہم حمایت بھی فراہم کر چکی ہے۔
چینی صدر نے کہا کہ چین سی پیک کو اعلیٰ معیار کے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کے ایک مثالی منصوبے میں مزید تعمیر کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین اور پاکستان آہنی پوش دوستی کو آگے بڑھانے، ترقی اور سلامتی کو مربوط کرنے، اعلیٰ معیارات، وسیع تر دائرہ کار اور زیادہ گہرائی کے تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے اور یکجہتی کے لیے آگے بڑھیں گے۔

مزید پڑھیں:  جبالیہ میں حماس سے جھڑپ، 5 اسرائیلی فوجی ہلاک، 7 زخمی