خواتین خاکروب پر قسمت مہربان، 10 کروڑ کی لاٹری نکل آئی

ویب ڈیسک: بھارت میں پیسے اکٹھے کر کے ایک لاٹری کا ٹکٹ خریدنے والی خواتین خاکروب 10 کروڑ روپے کا انعام جیت گئیں۔ ذرائع کے مطابق یہ خواتین اُس گروپ کا حصہ ہیں جو بھارت کی جنوبی ریاست کیرالہ کے ضلع ملاپورم کے قصبے پارپنانگڈی میں گھروں سے کوڑا اکٹھا کرتی ہیں اور اس کے عوض انہیں روزانہ تقریباً 250 روپے ملتے ہیں۔ اس کے علاوہ اکثر یہ خواتین کچرے کو فروخت کر کے بھی رقم اکھٹا کرتی ہیں لیکن اتنی سی اُجرت میں گھر کا گزارا کرنا ان خواتین کے لیے مشکل ہوجاتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ان خواتین کو بچوں کی تعلیم اور دیگر اخراجات کو پورا کرنے کے لیے اکثر قرض ہی لینا پڑتا ہے جسے اتارانے کے لیے یہ اپنی قسمت آزمانے کے لیے لاٹری کا ٹکٹ خریدتی ہیں۔ بھارت کی بہت سے ریاستوں میں لاٹری ٹکٹ غیر قانونی ہے لیکن ریاست کیرالہ کی حکومت خود لاٹری کا ایک مشہور پروگرام چلاتی ہے۔ رپورٹس کے مطابق گزشتہ ماہ کیرالہ سے تعلق رکھنے والی خواتین خاکروب نے "مون سون بمپر پرائز لاٹری” کا 250 روپے کا لاٹری ٹکٹ خریدنے کے لیے پیسے اکٹھے کیے، انہیں کیا معلوم تھا کہ ان کا ایک ٹکٹ ان کی قسمت بدل دے گا، یہ بمپر انعامی لاٹری ٹکٹ خاص تہواروں کے وقت کیرالہ کی ریاست جاری کرتی ہے۔ گزشتہ ہفتے جب لاٹری کے انعام کا اعلان کیا گیا تو ان خواتین نے خوش قسمتی سے 10 کروڑ روپے کا جیک پاٹ جیت لیا۔

مزید پڑھیں:  سنٹرل ایشیا والی بال چمپئن شپ کا آخری لیگ میچ پاکستان کے نام