ایمان مزاری جسمانی ریمانڈ

انسداد دہشتگردی عدالت: ایمان مزاری 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

انسداد دہشتگردی عدالت نے سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کی صاحبزادی ایمان مزاری کو تین روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
ویب ڈیسک: واضح رہے کہ ایمان مزاری کو گزشتہ روز ضمانت پر رہائی کے فوراً بعد دوبارہ گرفتار کر لیا گیا تھا، جس کے بعد انہیں آج انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کر دیا گیا، جہاں ایمان مزاری کے خلاف تھانہ بہارہ کہو میں درج مقدمہ کی سماعت ہوئی۔
دوران سماعت پراسیکیوٹر کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذولقرنین نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔
پراسیکیوٹر راجا نوید نے دلائل دیتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ لوگوں سے رقم جمع کرنے اور ریاست مخالف سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنے کا الزام ہے۔ ایمان مزاری کا تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ ملزمہ کے قبضے سے رقم برآمد کرنی ہے اور شریک ملزمان تک پہنچنا ہے۔
وکیل زینب جنجوعہ نے عدالت کو بتایا کہ 26 اگست 2023ء کو ایمان مزاری کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔ 26 اگست کو ایمان مزاری جیل میں تھیں اور ان کی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہونا تھی۔ پی ٹی ایم کو حکومت پاکستان نے جلسے کے لیے این او سی دیا ۔ ایمان مزاری کی اڈیالہ جیل سے رہائی کے وقت تھانہ بہارہ کہو کی پولیس وہاں موجود تھی ۔
ایمان مزاری کی وکیل نے دلائل دیے کہ ایک واقعہ پر متعدد ایف آئی آر درج نہیں کی جاسکتیں ۔ عدالت آج مقدمے سے ڈسچارج کرے کسی اور کیس میں گرفتار کر لیا جائے گا۔ ایمان مزاری پی ٹی ایم کی عہدے دار نہیں ہیں۔ ایمان مزاری کی بینک اسٹیٹمنٹ دینے کو تیار ہیں، فون اور لیپ ٹاپ پولیس کے پاس ہے۔ ایمان مزاری کے جسمانی ریمانڈ کی ضرورت کیوں ہے؟
وکیل نے کہا کہ ایمان مزاری ایف آئی آر درج کروانے والے سے نہ کبھی ملیں نہ پیسے لیے۔ ایمان مزاری کو مقدمے سے ڈسچارج کیا جائے۔
پراسیکیوٹر نے عدالت میں کہا کہ جلسے کے لیے این او سی دینے کا یہ مطلب نہیں کہ ریاست مخالف نعرے لگائے جائیں۔ عدالت ریمانڈ دے گی تو شواہد اکٹھے کریں گے، جس پر وکیل زینب جنجوعہ نے جواب دیا کہ ایمان مزاری تفتیش میں تعاون کر رہی ہیں، اس لیے جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں۔ عدالتوں کو اسکور برابر کرنے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔ عدالتوں کو اس معاملے کو بھی دیکھنا ہے۔
بعد ازاں انسداد دہشت گردی عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کر لیا، جسے بعد میں جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے سنا دیا۔ عدالت نے ایمان مزاری کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

مزید پڑھیں:  جمرود :دریائے کابل سے 9سالہ بچے کی لاش برآمد