نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور کابینہ اراکین کا دورہ کور ہیڈکوارٹر

ویب ڈیسک: نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نے کابینہ اراکین کے ہمراہ آج کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا۔ معزز شرکاء کو سیکورٹی کی مجموعی صورتحال، نئے ضم شدہ اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور پولیس کی استعداد کار بڑھانے کےبارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی اور شرکاء نے سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں کی اہمیت پر زور دیا جس میں نۓ ضم شدہ اضلاع میں نئے سیاحتی مقامات اور معدنیات کی ایکسپلوریشن شامل ہیں جو علاقے میں پائیدار امن اور ترقی کے لیے ضروری ہے۔
اجلاس میں بارڈر مینجمنٹ کنٹرول کے طریقہ کار کا بھی جائزہ لیا گیا جس میں سامان کی سمگلنگ کی روک تھام کے اقدامات اور مسائل کے حل کے لیے ایک جامع طریقہ کار کو آگے بڑھانے کیلۓ سفارشات پیش کی گئیں۔
شرکاء نے سی ٹی ڈی سمیت کے پی پولیس کی استعداد کار میں اضافے کی اہمیت پر زور دیا اور صوبے میں دہشت گردانہ حملوں کو ناکام بنانے میں پولیس کی حالیہ کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر شرکاء نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے مادر وطن کی حفاظت، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

مزید پڑھیں:  وزیراعلی اثاثہ جات سے متعلق الیکشن کمیشن کا نوٹس معطل،جواب طلب