پٹوار سسٹم ٹھیک کرنے میں سب کو بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا، وزیر اعلی خیبرپختونخوا

ویب ڈیسک: نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سید ارشد حسین شاہ نے بورڈ آف ریونیو کے اجلاس میں کہا کہ پٹوار سسٹم کو ٹھیک کرنا کسی جہاد سے کم نہیں، اس لئے اس میں سب کو اپنے حصے کا کردار ایمانداری سے ادا کر نا ہوگا۔ انہوں نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ پٹوار سسٹم میں لائی جانے والی اصلاحات کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کیخلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائِیگی، اس سسٹم کو درست ٹَریک پر لانے کیلئے دن رات کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ اس راہ میں اچھا ریکارڈ رکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائیگی جبکہ بدعنوان عناصر کیلئے یہاں کوئی جگہ نہیں جبکہ ان کیخلاف سخت ایکشن لیا جائیگا۔
نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ صوبے کے آپریشنل موضع جات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، ان اضافی 30 موضع جات کے بعد مجموعی آپریشنل موضع جات کی تعداد 2356 سے بڑھ کر 2386 ہو گئی ہے۔
دوران بریفنگ مزید بتایا گیا کہ لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن مکمل کرنے کے لیے تمام امور مکمل جبکہ ان کے جاری امور کا جائزہ لینے کے لیے پی ایم آر یو کے پورٹل پر ٹریکنگ سسٹم تیار کیا گیا ہے، اس اقدام سے نہ صرف عوام کو آسانی رہے گی بلکہ امور کی انجام دہی کیلئے معین اہلکاروں کو بھی اپنے امور پر فوکس کرنا ہوگا کیونکہ ان کی معمولی غلطی سے انہیں معطل بھی کیا جا سکتا ہے۔ یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ کے اچانک دوروں کے دوران مختلف اضلاع میں تعینات افسران و اہلکاروں کو ناقص کارکردگی و غفلت پر معطل کیا گیا ہے۔
بورڈ آف ریونیو اجلاس میں وزیر اعلیٰ سمیت دیگر شرکاء نے خانہ کاشت سے متعلق بھی مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ خانہ کاشت سمیت پٹوار سسٹم کو ٹھیک کرنے کے لئے دئے گئے ٹائم لائینز کے مطابق پیشرفت یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے ایک بار پھر زور دیتے ہوئے کہا کہ لینڈ ریکارڈ کمپیو ٹرائزکرنے سے نہ صرف صارفین کو آسانی رہے گی بلکہ اس سے سرکاری افسران سمیت حکام کو بھی سہولت رہے گی۔

مزید پڑھیں:  پہلا پاکستانی سٹیلائٹ آئی کیوب قمر چاند پر روانہ