سعودی عرب کا آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا ایک بار پھر مطالبہ

ویب ڈیسک: شہزادہ فیصل بن فرحان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ کی قرارداد کی روشنی میں آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام عمل میں لایا جائے اور اسے اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت دی جائے۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اقوام متحدہ سے بین الاقوامی امن کانفرنس بلانے کا مطالبہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ امن کانفرنس کے ذریعے سنجیدہ اور قابل اعتماد امن عمل شروع کیا جائے اور یہ کانفرنس اقوام متحدہ کی قرارداد کے تحت مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل پر عمل درآمد یقینی بنائے۔
اقوام متحدہ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شہزادہ فیصل بن فرحان نے حماس اور اسرائیل کے درمیان عارضی جنگ بندی کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت مستقل قیام امن کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے مزید کہا کہ مستقل امن ہی تنازع کا واحد حل ہے جس کے ذریعے اسرائیلی اور فلسطینی دونوں امن سے رہ سکتے ہیں ۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اپنی سرزمین پر مکمل اختیار، محفوظ اور باوقار مستقبل فلسطینیوں کا حق ہے اور ہم فلسطینیوں کے اس حق کے حصول کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

مزید پڑھیں:  وادی تیراہ میدان میں‌ سیلاب نے تباہی مچا دی، کروڑوں کا نقصان