بانی پی ٹی آئی ہی تاحیات چیئرمین رہیں گے ‘کور کمیٹی

ویب ڈیسک : پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو چیئرمین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ عمران خان کو پہلے ہی یہ منصب دیا جاچکا ہے اور وہی تاحیات پارٹی کے چیئرمین رہیں گے ۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی کور کمیٹی اجلاس کے دوران سائفر کیس کی سماعت‘ ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کے علاوہ نومنتخب چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کو مکمل حمایت و تعاون کی یقین دہانی اور نیک تمناؤں اور خواہشات کا اظہار کیاگیا۔
کوورکمیٹی نے قومی انتخابات کیلئے فنڈز کے عدم اجرا کے معاملے پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور نگران حکومت سے عام انتخابات کے انعقاد کیلئے بغیر پس و پیش فوری فنڈز جاری کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
اجلاس کے شرکاءنے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان نے جماعت کے ایک قابل اور وفاشعار کارکن کو نامزد کرکے ملک میں دہائیوں سے جاری موروثی سیاست پر کاری ضرب لگائی ہے۔
کور کمیٹی کے اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کورکمیٹی پہلے ہی تاحیات چیئرمین کا منصب بانی چیئرمین عمران خان کیلئے مختص کر چکی ہے اور عمران خان ہی تاحیات چیئرمین رہیں گے۔
اجلاس میں ملک بھر میں پرامن سیاسی سرگرمیوں میں تیزی لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے بعد پنجاب میں بھی ورکرز کنونشن کے انعقاد کی منظوری دی گئی۔
کورکمیٹی نے عدلیہ کی بجائے ریٹرننگ افسران انتطامیہ سے لینے کیخلاف بھی شدید ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ عدلیہ کی بجائے انتخابات کے انعقاد کیلئے انتظامی افسران کی خدمات لینے کا فیصلہ ہر لحاظ سے انتخابات میں دھاندلی کا منصوبہ ہے، انتخابات کی شفافیت متاثر کرنے کی کوئی بھی دانستہ یا نادانستہ کوشش ملکی مفاد اور جمہوریت پر مجرمانہ حملہ ہوگا ۔

مزید پڑھیں:  پشاور ہائیکورٹ: کرپشن کے الزام پر برطرف ججز سمیت 11جوڈیشل افسران بحال