نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے امریکی قونصل جنرل کی ملاقات

ویب ڈیسک :خیبر پختونخوا کے نگران وزیر اعلیٰ جسٹس(ر) سید ارشد حسین شاہ سے پشاور میں تعینات امریکن قونصل جنرل شانٹی مور کی ملاقات ‘باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
ملاقات کے دوروان مختلف شعبوں میں صوبائی حکومت اور امریکی ترقیاتی اداروں کے درمیان اشتراک کار اور تعاون سے متعلق معاملات پر گفتگو کی گئی ۔
وزیراعلیٰ نے امریکی قونص جنرل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت مختلف شعبوں میں امریکی حکومت اور اداروں کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے،امید ہے کہ سوشل سیکٹرز میں امریکی حکومت صوبے کے ساتھ تعاون کا سلسلہ مزید بہتر انداز میں جاری رکھے گی۔
انہوںنے کہا کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع میں دوست ممالک اور ڈونر ایجنسیوں کے تعاون کی اشد ضرورت ہے کیونکہ کئی دہائیوں پر محیط بدامنی کی وجہ سے یہ علاقے ترقی کے میدان میں پیچھے رہ گئے ہیں۔
جنگ زدہ علاقوں میں بنیادی انفراسٹرکچر کی تعمیر پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت کے علاوہ روڈ انفراسٹرکچر کی تعمیر، تعلیمی سہولیات کی فراہمی ترجیح ہیں۔
ملاقات کے دوران امریکی قونصل جنرل شانٹی امور نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین دوستانہ اور دیرینہ تعلقات قائم ہیں‘امریکی حکومت صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر عوامی فلاح و بہبود کے کاموں کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

مزید پڑھیں:  ہنگو، ٹل اور دوآبہ میں امن و امان کے حوالے سے گرینڈ جرگے کا انعقاد