نگران حکومت کا کام صاف و شفاف انتخابات کا انعقاد ہے، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا

ویب ڈیسک: نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ نے کہا ہے کہ نگران حکومت کا بنیادی کام انتخابات کا صاف و شفاف انعقاد ہے۔ نگران صوبائی حکومت انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں الیکشن کمیشن اور عدالت کے احکامات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنائے گی۔
صوبے میں امن و امان بحال رکھنا حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے، سکیورٹی فورسز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اس سلسلے میں مربوط اور موثر اقدامات اٹھا رہے ہیں۔
چینی ثقافتی مرکز ”چائنہ ونڈو پشاور“ کے دورے کے موقع پر نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبے میں جاری سی پیک منصوبوں کی سکیورٹی کے لئے سنجیدہ اقدامات کئے جارہے ہیں جبکہ اس مقصد کے لئے سپیشل سکیورٹی یونٹ قائم کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کے پرامن انعقاد کے لئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے جائیں گے اور صوبے کی سیکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائیگی۔ اس موقع پر نگران کابینہ اراکین بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل، ڈاکٹر عامر عبداللہ اور ڈاکٹر نجیب اور دیگر حکام بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔
نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے نشتر ہال پشاور میںقومی احتساب بیورو خیبرپختونخوا اور صوبائی اینٹی کرپشن اسٹبلشمنٹ کے زیر اہتمام انسداد بدعنوانی کے حوالے سے منعقدہ سیمینار میں بھی شرکت کی۔

مزید پڑھیں:  سپریم کورٹ کاخیبر پختونخوا میں سٹون کرشنگ پلانٹس بند کرنےکا حکم