محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا کا سکول لیڈرزکے احکامات نہ ماننے کی شکایات پر نوٹس

ویب ڈیسک: خیبرپختونخواکے مختلف اضلاع بشمول پشاورمیں تعینات سکول لیڈرز کے احکامات پر عملدرآمدسے ٹیچرز کی جانب سے انکار کرنے کی شکایات پر محکمہ تعلیم کے حکام نے نوٹس لیتے ہوئے ایجوکیشن افسران کو ہدایات جاری کردی ہیں –
ذرائع کے مطابق سابق صوبائی حکومت نے صوبے کے مختلف اضلاع کے سرکاری سکولوں میں اصلاحات کے تحت سکول لیڈرز بھرتی کررکھے ہیں اور انہیں سرکاری سکولوں میں درس وتدریس سمیت دوسرے امور کی نگرانی اوراساتذہ کی کارکردگی سمیت حاضری وغیرہ کی نگران کے طورپر ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں تاہم بعض اضلاع سے مسلسل شکایات موصول ہورہی ہیں کہ سرکاری سکولوں کے بعض اساتذہ سکول لیڈرز کی جانب سے بتائے ہوئے احکامات پرعملدرآمد نہیں کررہے ہیں اور ان کے احکامات کونظرانداز کیاجارہاہے –
ذرائع نے بتایا کہ ان شکایات کی روشنی میں ایجوکیشن سیکرٹریٹ نے متعلقہ اضلاع کے سکولوں کے سربراہان کو سکول لیڈرزکی جانب سے جاری ہدایات پرعملدرآمد یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے بصورت دیگر انہیں سخت انضباطی کارروائی کیلئے تیار رہنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  شاندانہ گلزار، شہریار، شیر افضل کی پارٹی کیلئے قربانیاں ہیں، بانی پی ٹی آئی