پشاور، گلبہار میں ڈکیتی واردات، چور کروڑوں کا سونا اور نقدی لے اڑے

ویب ڈیسک: گلبہار میں ڈکیتی واردات، چور نقدی اور زیورات لے اڑے، ذرائع کے مطابق پشاور کے علاقوں گلبہار اور اعجاز آباد میں ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں نے شہریوں کو خوف میں مبتلا کر دیا۔
گلبہار میں ڈکیتی واردات میں 50 تولے سونا اور لاکھوں روپے لوٹ لیے گئے ۔ ڈکیت گینگ پہلے سے موجود تھا اور جیسے ہی مقامی تاجر گھر کے قریب پہنچا تو اسے اسلحہ کی نوک پر یرغمال بنا کر گھر کے اندر لے گئے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق ڈکیتی کی واردات سلمان بیکرز کے قریب وہاب سعید نامی بزنس مین کے گھر میں ہوئی ہے۔
وہاب سعید نے پولیس کو بتایا کہ وہ شاپنگ بیگز کا کاروبار کرتا ہے۔ کام سے فارغ ہوکر جیسے ہی وہ گھر پہنچا تو نامعلوم ڈاکووں نے اسے پستول کی نوک پر یرغمال بنا لیا اور اسے گھر کے اندر لے گئے۔
اس دوران اس کے دیگر ساتھی بھی گھر میں داخل ہوگئے اور گھروالوں کو یرغمال بنالیا۔ ڈاکوﺅں نے کمروں کی الماریوں سے تقریبا 50 تولے سونا، تقریبا 17 لاکھ روپے اور قیمتی موبائل فون لوٹ لئے اور فرار ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق ڈاکو موٹر سائیکلوں پر آئے تھے۔ گھر میں وہاب اپنے بھائیوں کے ساتھ رہائش پذیر ہے۔ پولیس کی تفتیشی ٹیموں نے گھروالوں کے بیانات قلمبند کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے ۔
ادھر سوشل میڈیا پر ویڈیوز وائرل ہوئی ہیں جس کے بارے میں بتایا گیا کہ یہ اعجاز آباد کے علاقہ کی ہیں جس میں ایک شخص کو گھر کا تالہ کھولنے کی کوشش کرتے دکھایا گیا ہے جو گھر میں چوری کے بعد فرار ہوجاتا ہے۔
اس سے قبل گلبہار جی ٹی روڈ پر تین طالب علموں کو لوٹا گیا۔ گلبہار میں ڈکیتی واردات سمیت ان علاقوں میں شہریوں نے بڑھتے جرائم پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس گشت بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید پڑھیں:  الیکشن کمیشن پارٹی سرٹیفکیٹ اور بلے کا نشان واپس کرے، بیرسٹر گوہر