انوشکا اور کوہلی کا بیٹا پیدا ہوتے ہی انسٹاگرام پر چھاگیا

ممبئی: بالی ووڈ اسٹار انوشکا شرما اور بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کے نومولود بیٹے ‘اکے کوہلی’ کی پیدائش کی خبر منظرِ عام پر آتے ہی سوشل میڈیا پر اُن کے نام سے بےشمار اکاؤنٹس بن گئے۔
انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کے ہاں 15 فروری کو بیٹے کی پیدائش ہوئی لیکن اس جوڑی نے 20 فروری کو سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے بیٹے کی پیدائش کا اعلان کیا۔
اسٹار جوڑی کا اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کہنا تھا کہ ہم محبت بھرے دل کے ساتھ آپ کو یہ خوشخبری سُنا رہے ہیں کہ وامیکا کے چھوٹے بھائی کی پیدائش ہوئی ہے جس کا نام ہم نے ‘اکے’ رکھا ہے۔
انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کے بیٹے کی پیدائش کی خبر جیسے ہی منظرِ عام پر آئی تو مداحوں نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ان کے بیٹے ‘اکے کوہلی’ کے نام سے بےشمار اکاؤنٹس بنا لیے۔
انسٹاگرام کی سرچ بار میں اگر انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کے نومولود بیٹے ‘اکے کوہلی’ کا نام لکھ کر سرچ کیا جائے تو سامنے کئی اکاؤنٹس کی لِسٹ آرہی ہے اور ہر گزرتے لمحے کے ساتھ اس نام سے منسوب اکاؤنٹس کی تعداد میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔
واضح رہے کہ ستمبر 2023 میں بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ انوشکا شرما اپنے دوسرے بچے کی توقع کر رہی ہے، اُنہیں اپنے شوہر ویرات کوہلی کے ہمراہ ممبئی کی ایک میٹرنٹی کلینک میں دیکھا گیا تھا۔
ویرات کوہلی اور انوشکا شرما 2017 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔ اسٹار جوڑے کے ہاں جنوری 2021 میں پہلی بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام اُنہوں نے وامیکا رکھا تھا۔

مزید پڑھیں:  مہوش کی بھارتی گلوکار کیساتھ نئے پراجیکٹ کی تفصیلات