جنگ بندی

اسرائیل جنگ بندی کیلئے تیار ہے،امریکہ کا دعویٰ

ویب ڈیسک:امریکا نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کے لیے تیار ہوگیا تاہم اب گیند حماس کے کورٹ میں ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سینئر امریکی اہلکار نے بتایا قطر میں ہونے والے غزہ جنگ بندی مذاکرات میں مثبت پیشرفت ہوئی ہے اور اسرائیل جنگ بندی کے لیے تیار ہوگیا۔
امریکی اہلکار نے مزید بتایا کہ اسرائیل نے جنگ بندی کے معاہدے کے اکثر نکات پر اتفاق کرلیا ہے اگر حماس راضی ہو جائے تو غزہ میں 6 ہفتے کی جنگ بندی جلد ممکن ہے۔
سینیئر امریکی اہلکار کے بقول ایسا تب ہی ممکن ہوسکے گا جب حماس معاہدے کی اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی سے متعلق شق پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرا دے۔
امریکی اہلکار نے یہ بھی بتایا کہ امریکا جنگ سے تباہ حال غزہ میں انسانی امداد کی تقسیم ہیلی کاپٹرز کے ذریعے کرنا چاہتا ہے۔
تاحال اسرائیل اور حماس کی جانب سے غزہ جنگ بندی مذاکرات سے متعلق کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

مزید پڑھیں:  مردان میں جائیداد تنازعہ پر فائرنگ:3افراد جاں بحق،1زخمی